نائیجیریا میں اغوا کاروں نے حکومت سے مذاکرات کے بعد 42 مغویوں کو رہا کردیا
ابوجہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )نائیجیریا میں حکومت اور اغوا کاروں کے درمیان مذاکرات کے بعد 27 طالبات سمیت 42 مغوی افراد کو رہا کردیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چند روز قبل اغوا کاروں نے بورڈنگ سکول پر حملے کے بعد طالبات اور انکے اہلخانہ سمیت سٹاف کے درجنوں لوگوں کو اغو ا کرلیا تھا۔ اغوا کاروں کی جانب سے رہا کیے جانے والوں میں 27 طالبات، 3 سٹاف ممبرز اور ان کے خاندان کے 12 افراد شامل ہیں جن کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔تاہم ابھی تک حکومت اور اغو ا کاروں میں معاہدے کی شرائط منظر عام پر نہیں آئیں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی نائیجیریا میں ایک بورڈنگ سکول کی 300 سے زائد طالبات کو اغوا کرلیا گیا تھا جن کے بارے میں تاحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔