"یہ تو جیل سے نکلتے ہی مریم نواز کے ہمراہ خطرناک تقریریں کر رہا ہے" حامد میر نے حمزہ شہباز کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شیخ رشید کو مشکل میں ڈال دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور ہونے کے بعد انہیں کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ہے،جیل کے باہر مسلم لیگ ن کے سینکڑوں کارکنوں نے مریم نواز شریف اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں حمزہ شہباز کا پرتپاک استقبال کیا ،اس موقع پر حمزہ شہباز نے دھواں دار لیکن مختصر خطاب کرتے ہوئے حکمرانوں پر کڑی تنقید کی جبکہ میاں نواز شریف اور مریم نواز زندہ باد کے نعرے بھی لگائے ،مریم نواز کی جانب سے اپنے چچا زاد بھائی کے استقبال اور حمزہ شہباز کے خطاب پر سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے میدان میں آتے ہوئے شیخ رشید سے چبھتا ہوا سوال پوچھ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حامد میر نے ن لیگ کی جانب سے حمزہ شہباز کے استقبال کے موقع پر کی جانے والی تقریر کا کلپ اور تصویر شیئر کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹس کی ہیں۔انہوں نےوفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے سوال پوچھا کہ "جناب شیخ ! وہ نون میں سے شین کب نکلے گی؟ یہ تو جیل سے نکلتے ہی مریم نواز کے ہمراہ خطرناک تقریریں کر رہا ہے ۔اپنے دوسرے ٹویٹ میں حامد میر کا کہنا تھا کہ ایک اور ایک گیارہ ۔ایک اور ایک اور ایک بنتے ہیں ایک سو گیارہ ۔۔۔ بات نکلی ہے تو دور تلک جائے گی ۔
واضح رہے کہ وزیرداخلہ شیخ رشید چند ماہ سے مسلسل دعویٰ کرتے آئے ہیں کہ "طبلِ جنگ بج چکا ہے اور نوازشریف کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا،شہباز شریف سے کچھ لوگوں کی ملاقاتیں ہورہی ہیں،شین کا نون سے نکلنا طے ہے۔
جناب شیخ ! وہ نون میں سے شین کب نکلے گی؟ یہ تو جیل سے نکلتے ہی مریم نواز کے ہمراہ خطرناک تقریریں کر رہا ہے ۔۔۔۔ pic.twitter.com/I9vAYRfbuo
— Hamid Mir (@HamidMirPAK) February 27, 2021