"حمزہ شہباز اپنے مفرور تایا جان سے بھی کہیں وطن واپس آجائیں " شبلی فراز کا شہباز شریف کے صاحبزادے کو  مشورہ

"حمزہ شہباز اپنے مفرور تایا جان سے بھی کہیں وطن واپس آجائیں " شبلی فراز کا ...

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نےکہاکہ حمزہ شہباز اور مریم نواز کےبڑوں نےملک میں کرپشن کےکلچر کو فروغ دےکرقوم کی اخلاقیات تباہ کی،حمزہ شہباز اپنےمفرورتایاجان سےبھی کہیں وطن واپس آجائیں،آپ ابھی ضمانت پر ہیں،باتیں ایسےکررہےہیں جیسے بری ہو گئےہوں۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  نے کہا کہ  ن لیگ نے پاکستان کے عوام کو کنگال کیا اور اپنی جیبیں بھریں،قوم کا پیسہ بے رحمی سے کھانے والے آج ہٹ دھرمی سے کہہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی،اپنے دور میں انڈے اور مرغی کا ریٹ فکس کرنے والے آج بڑی بڑی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ حمزہ اور مریم نواز کے بڑوں نے ملک میں کرپشن کے کلچر کو فروغ دے کر قوم کی اخلاقیات تباہ کی،حمزہ شہباز اپنے مفرور تایا جان سے کہیں کہ وطن واپس آجائیں،آپ ابھی ضمانت پر ہیں، باتیں ایسے کررہے ہیں جیسے بری ہو گئے ہوں،عدالتی معاملات عدالت میں بتائیں میڈیا کو نہیں۔

واضح رہے کہ حمزہ شہباز کا کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد استقبالی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کی انتقام کی آگ ٹھنڈی نہیں ہورہی،آٹا اور چینی چور کابینہ میں بیٹھے ہیں،حکومتی عہدیدار براڈ شیٹ  والوں سے کمیشن مانگتے ہیں،ان کے انتقام کی آگ ٹھنڈے ہونے کا نام نہیں لے رہی ،سن لو اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے،ہم نے قوم کی خاطر جیلیں برداشت کیں،حکومت تین سال میں کرپشن کی ایک پائی ثابت نہیں کرسکی،آج آٹا اور چینی چور کابینہ میں بیٹھے ہیں،حکومت غریبوں کی جھونپڑیاں گرارہی ہے اور بنی گالہ کو ریگولرائز کردیا جاتا ہے،تین سال میں حکمران بے نقاب ہوگئے،عمران خان اپنا غصہ عوام پر نکال رہے ہیں۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -