جرائم کی روک تھام کیلئے انسدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے، آئی جی 

جرائم کی روک تھام کیلئے انسدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے، آئی جی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ڈکیتی، راہزنی، اغواء برائے تاوان اور قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کیلئے انسدادی کاروائیوں میں تیزی لائی جائے اور عادی و پیشہ ور مجرمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سنگین جرائم میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز خود نگرانی کریں اور ٹارگٹڈ آپریشنز کے ذریعے خطرناک گروہوں کا صفایا کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبہ بھر سے منشیات بالخصوص آئس اور شیشہ سمیت دیگر ماڈرن و خطرناک ڈرگز کے خاتمے کیلئے کاروائیوں میں تیزی لائی جائے اور تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن ملزمان کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے انہیں پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ ۔ یہ ہدایات انہوں نے اتوار کے روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں  ڈی آئی جی آئی ٹی، احسن یونس، ڈی آئی جی ایس پی یو، طیب حفیظ چیمہ، اے آئی جی آپریشنز پنجاب، اعجاز اسد ملہی اور اے آئی جی مانیٹرنگ، احسان اللہ چوہان موجود تھے جبکہ مختلف ریجنز کے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ایس ایس پیز انویسٹی گیشن نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

مزید :

علاقائی -