تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے،محمد اسحاق

تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے،محمد اسحاق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) خیبر پختونخوا کے تاجروں نے حکومت کی جانب سے ایکسپورٹ ٹرکوں کو طورخم بارڈر کے ساتھ ساتھ غلام خان اورخرلاچی کی تجارتی روٹس کے ذریعے بھی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ایکسپورٹ کے عمل میں تیزی آئے گی بلکہ مذکورہ علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز بھی ہوگا۔ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اسحاق اور پاک افغان جائنٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائریکٹر اور کوآرڈینیٹر ضیاء الحق سرحدی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف کلکٹر کسٹمز خیبر پختونخوا محمد سلیم کی ہدایات کی روشنی میں طورخم بارڈرز کے ساتھ ساتھ غلام خان اورخرلاچی کی تجارتی راہداریوں سے ایکسپورٹ کی اجازت دے دی گئی اور تمام سہولیات کی فراہمی کی بھرپور یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی حکومت اور محکمہ کسٹمز کی جانب سے مذکورہ فیصلے کو کافی سراہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ 5 روز کے دوران طورخم بارڈرپر پیدا ہونیوالی صورتحال کی وجہ سے ایکسپورٹ کا عمل کافی متاثرہوا تھا جو کہ اب مکمل طورپربحال ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طورخم کے ساتھ ساتھ غلام خان اورخرلاچی کی راہداریوں کے ذریعے پاکستانی مصنوعات سے لدے ایکسپورٹ ٹرکوں کو اجازت ملنے کے بعد پاک افغان باہمی تجارت اورٹرانزٹ ٹریڈ میں تیزی آئے گی اور پاک افغان تاجروں کو سہولیات کی فراہمی کی وجہ سے دونوں ممالک کی معیشت میں استحکام ٗ ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوں گے۔ سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق نے اخباری نمائندو ں کو بتایا کہ پاک افغان باہمی تجارت اورٹرانزٹ کا عمل گذشتہ پانچ روز تعطل کا شکار رہنے کے بعد مکمل طورپر بحال ہوچکا ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے جبکہ محکمہ کسٹمز کے چیف کلکٹر خیبر پختونخوا محمد سلیم نے بزنس کمیونٹی کی مشکلات کومدنظررکھتے ہوئے چینی اوردیگر اشیاء خوردونوش سمیت سامان سے لدے ایکسپورٹ ٹرکوں کو غلام خان اور خرلاچی کی تجارتی روٹس کے ذریعے افغانستان اور وسطی ایشیاء کے ممالک کے ساتھ تجارت کی اجازت دی جوکہ تجارت کے عمل میں تیزی لانے کیلئے اہم قدم ہے۔ سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق اور جائنٹ چیمبرز کے ڈائریکٹر ضیاء الحق سرحدی نے چیف کلکٹر کسٹمز خیبر پختونخوا محمد سلیم ٗچیئرمین ایف بی آرعاصم احمد ٗممبر کسٹمز ایف بی آر مکرم جاہ انصاری ٗ نیشنل لاجسٹک سیل کے اعلیٰ حکام او مقامی انتظامیہ اوردیگر متعلقہ اداروں کا بھرپور شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ ادارے پاک افغان باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے فروغ کے لئے تمام تروسائل اور سہولیات کوہر سطح پرفراہمی کے عملی اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر محکمہ کسٹمز کے کلکٹرز آپریزمنٹ محمد اشفاق اور دیگر متعلقہ افسران کی پاک افغان باہمی تجارت اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے کاوشوں اور اقدامات کو بھی کافی سراہا ہے۔