سیاسی بقاء اور مال بچاؤ کی لڑائی میں سب شامل ہیں:فائق شاہ 

سیاسی بقاء اور مال بچاؤ کی لڑائی میں سب شامل ہیں:فائق شاہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور(سٹی رپورٹر) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا کہ نجکاری، سرمایہ کاری کیلئے کی جاتی ہے ہماری سیاسی حکومتوں نے ذات اور مفاد کاری کیلئے قومی اثاثے بیچے، آئی ایم ایف سے قرض اور ملکوں سے بھیک لی اس کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ یہاں ملک کے اثاثے کم اور شخصیات کے زیادہ ہیں کوئی انصاف اور احتساب کرنے والا نہیں ہے، اختیار عوام کے ہاتھ میں ہو گا تو انصاف بھی ہوگا اور احتساب بھی، محمد فائق شاہ نے کہا کہ اپریل 22 سے ملک میں عوام کے خلاف ایک سیاسی میچ چل رہا ہے جس میں معیشت، معاشرت اور سیاست سب کچھ داؤ پر لگا دیا گیا ہے، صرف”سیاسی بقاء اور مال بچاؤ“ کی لڑائی ہے جس میں سب نیک و بد اور پارسا شامل ہیں ہم تمام اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک کو اس دنگل اور مفاد پرستوں کے چنگل سے نکالیں، سب سے پہلے معاشی روڈ میپ دیا جائے اور ریاست کے بچاؤ کے اقدامات کئے جائیں جبکہ پیداوار، زراعت اور تعلیم میں ایمرجنسی نافذ کی جائے، نظام انتخاب میں اصلاحات لائی جائیں جہاں شخصیات نہیں منشور اور پروگرام اہم ہو اور اسی پروگرام پر احتساب اور محاسبہ کیا جائے، سیاسی بت بنا کر پوجا کرنے والے شخصی سیاست کو ختم کرنا ہوگا، ورنہ ملک کا خدا نخواستہ بہت نقصان ہو گا امن ترقی پارٹی بار بار باور کروا رہی ہے کہ سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لوگوں کو انصاف دیا جائے، انصاف وہ واحد ہتھیار ہے جو ترقی، خوشحالی اور حب الوطنی لا سکتا ہے،امن ترقی پارٹی ملک بھر میں انصاف کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔