یہ لاہور میں ایک نشست نہیں جیتے اور ہماری نشست مانگ رہے ہیں، بیرسٹر گوہر اور اعظم نذیر تارڑ میں الیکشن کمیشن میں بحث  ہو گئی 

یہ لاہور میں ایک نشست نہیں جیتے اور ہماری نشست مانگ رہے ہیں، بیرسٹر گوہر اور ...
یہ لاہور میں ایک نشست نہیں جیتے اور ہماری نشست مانگ رہے ہیں، بیرسٹر گوہر اور اعظم نذیر تارڑ میں الیکشن کمیشن میں بحث  ہو گئی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران  اعظم نذیر تارڑ اور بیرسٹر گوہر میں بحث ہوئی، اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل نے ایک بھی سیٹ نہیں جیتی،اس جماعت میں کچھ آزاد ارکان کو اکٹھا کرکے کیسے مخصوص نشست دی جا سکتی ہے؟بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ لاہور میں ایک نشست نہیں جیتے اور ہماری نشست مانگ رہے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت کیس کی سماعت ہوئی،ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی کی جانب سے فروغ نسیم ،سنی اتحاد کونسل کی جانب سے علی ظفر پیش ہوئے۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم یہاں اپنی مخصوص نشست کیلئے آئے ہیں،اگر سیاسی جماعتیں نشستیں لینا چاہتی ہیں تو وہ کھل کر کہیں کہ ہم یہ نشست لینا چاہتے ہیں،میرا اعتراض ہے کہ کوئی ایسے ہی آ جائے اور کہے کہ یہ نشست میری ہے، اسے نشست نہیں مل سکتی۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہاکہ خالد مقبول صدیقی آئے ہیں کہ یہ نشستیں آپ کو نہ ملیں،مسلم لیگ ن کے اعظم نذیر تارڑ اور پیپلزپارٹی کے فاروق ایچ نائیک نے جواب  جمع کرا دیا۔

فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ ہم بطور سیاسی جماعت ہی پیش ہو رہے ہیں،کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو یہ مخصوص نشست مل سکتی ہے کہ نہیں،بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ کسی کو حق نہیں ہے کہ میری نشست لے،میری مخصوص نشستوں کی درخواست بھی موجود ہے،بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہماری مخصوص نشستوں کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کریں،چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے سماعت کیلئے درخواستیں مقرر کی ہیں،علی ظفر صاحب، آپ ان سب کیسز میں فریق ہیں،اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل نے ایک بھی سیٹ نہیں جیتی،اس جماعت میں کچھ آزاد ارکان کو اکٹھا کرکے کیسے مخصوص نشست دی جا سکتی ہے؟یہ ایسی درخواست کے ذریعےآئے ہیں جن کو عوام نے مسترد کیا،انہوں نے پہلے مخصوص نشستوں کیلئے درخواست جمع نہیں کرائی،سنی اتحاد کونسل پارلیمانی جماعت نہیں، اسے کیسے مخصوص نشستیں دیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ یہ معاملے فیصلے کیلئے الیکشن کمیشن پر چھوڑ دیں،علی ظفر نے کہاکہ ہمیں درخواستوں کی کاپی نہیں ملی،آپ مجھے کاپی دیں میں آج ہی اس کا جواب جمع کرا دوں گا، فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کوبلا کر سنے،اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ یہ سیاسی نہیں قانونی معاملہ ہے،بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ لاہور میں ایک نشست نہیں جیتے اور ہماری نشست مانگ رہے ہیں،اعظم نذیر تارڑ نے بیرسٹر گوہر کو جواب دیتے ہوئے کہاکہ آپ یہ باتیں باہر کیمروں کیلئے رکھیں،چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ علی ظفر آپ کی درخواستیں بھی کل کیلئے لگا رہے ہیں،ساری درخواستیں یکجا کرتے ہیں،الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔