حکومت کو معیشت کی بہتری کیلئے تجاویز ارسال کرینگے‘ میاں محمد ادریس
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر فیڈریشن کے نومنتخب عہدیداران اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے قائدین کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں ایک عشائیہ دیا جس میں ٹریڈ ڈویولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک، فیڈریشن کے صدر میاں محمد ادریس، آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین اور گروپ لیڈر یونائٹڈ بزنس گروپ عبدالرؤف عالم، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور اور دیگر اعلیٰ شخصیات اور ملک بھر سے تاجر وں راہنماؤں کی ایک کثیر تعدادنے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں محمد ادریس نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے معیشت کو بہتر کرنے کے لئے ایف پی سی سی آئی سے مختصر ، درمیانہ اور طویل المدت تجاویز طلب کی ہیں لہذا ایف پی سی سی آئی ملک کے چیمبروں اور ٹریڈ باڈیز کی مشاورت سے حکومت کو مذکورہ تجاویز ارسال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے ٹیکس ادا کرے اور حکومت بھی ٹیکس کا پیسہ عوام کے فلاحی کاموں پر خرچ کرے تا کہ ٹیکس دہندگان کا حکومت پر اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کیلئے متعدد اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے تا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا یہ سب سے بڑا نمائندہ صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کا حل کرانے کے ساتھ ساتھ حکومت کو پالیسی سازی میں رہنمائی کرسکے اور معیشت کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن تاجر برادری کے مسائل جاننے کے لئے ملک کے چھوٹے بڑے چیمبروں اور ٹریڈ باڈیز کے ساتھ بہتر روابط قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری ادارے چلانا حکومت کا نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی کا کام ہے لہذا حکومت نقصان میں چلنے والے کاروباری اداروں کا انتظام نجی شعبے کی حوالے کرے۔ ا نہوں نے کہا کہ اگرچہ اس وقت بہت سے مسائل ہیں تاہم اس عزم کا اظہار کیا کہ فیڈریشن کی نئی قیادت تاجر برادری کی توقعات پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کرے گی۔ ٹریڈ ڈویولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ا اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ حکومت معیشت کی بہتری کیلئے نجی شعبے کے کردار کو بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کرے اور انہیں بزنس کمیونٹی کے حوالے کرے تا کہ وہ ان کو منافع بخش بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہت سے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں جن میں فوجی عدالتوں کے قیام کیلئے قانون سازی نمایاں ہے کیونکہ اس سے ملک میں امن و امان قائم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے آنے والا وقت اچھا ہو گا اور ملک مسائل سے نکل کی ترقی کی طرف گامزن ہو گا۔ انہوں نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کو فیڈریشن کے الیکشن میں کامیاب کرانے پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ فیڈریشن کی نئی قیادت ان کی توقعات پر پورا اترے گی۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ پلاننگ کمیشن معیشت کو بہتر لانے کے لئے ایک 10 نکاتی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے لہذا تاجر برادری اس سلسلے میں اپنی تجاویز ارسال کرے تاکہ مل جل کر ملک کو مشکلات سے باہر نکالا جا سکے انہوں نے کہا اب وقت آگیا ہے کہ تاجر برادری کی نوجوان قیادت کو آگے لایا جائے تا کہ وہ معیشت کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین اور گروپ لیڈر یونا ئیٹڈ بزنس گروپ عبدالرؤف عالم نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کی طر ف سے کاروباری سیاست میں جمہوری کلچر کو متعارف کرانے پر گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور گروپ کو فیڈریشن کے الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2013 میں پاکستان میں انڈسٹری کیلئے بجلی کی قیمت میں یکدم 74 فیصد اضافہ کیا جو ملک کی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ تھا اور اس سے صنعتی شعبے کی پیداوار بہت متاثر ہوئی۔ لہذا حکومت ایسے نقصان دہ فیصلوں سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا حکومت سرمایہ کاروں کو مزید مراعات دے اور سرمایے کے بارے میں ان سے سوالات نہ پوچھے تا کہ ملک میں سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے حکومت موجودہ ٹیکس دہندگان پر مذید بوجھ ڈالنے کی بجائے بتدریج ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی نئی قیادت کو تاجر برادری کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر یونائیڈ بزنس گروپ کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہا ر کیا کہ نئی ٹیم ایف پی سی سی آئی کو ایک بہتر اور فعال تجارتی ادارہ بنائے گی جو تاجر برادری کی بہتری کے لئے اور ملکی معیشت کو فروغ دینے میں کردار ادا کرے گا۔سنیٹر حسیب خان، سنیٹر الیاس احمد بلور، ایف پی سی سی آئی کے سابق سنیئر نائب صدر اور ر ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین ایس ایم نصیر، کوئٹہ سے ایف پی سی سی کی نائب صدر مس فہمیدہ کوثر جمالی، چکوال چیمبر کے صدر قاضی محمد اکبر، راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر شیخ شبیر، گجرات چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر حاجی نصیر، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر ریاض الدین شیخ اور پاکستان آبزور گرو پ کے ایڈ یٹر ان چیف زاہد ملک نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔