چھوٹے کاشتکاروں کو فصلات ربیع کیلئے قرضوں کی فراہمی 31 جنوری تک جاری رہے گی
لاہور(اے پی پی)چھوٹے کاشتکاروں کو فصلات ربیع کیلئے قرضوں کی فراہمی 31 جنوری تک جاری رہے گی، پراونشل کوآپریٹو بینک کے ذریعے 2ارب 50کروڑروپے کے قرضوں کی فراہمی کاہدف مکمل کیاجائیگا جبکہ اب تک 2ارب سے زائد کے قرضے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب پراونشل کوآپریٹوبینک کے ذرائع نے بتایاکہ سرسبز زرعی انقلاب لانے کیلئے ہزاروں امداد باہمی کی تنظیموں کے ذریعے 75ہزار کے قریب چھوٹے کاشتکاروں و ممبران کو قرضوں کا اجراء کیاجاچکاہے ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں اور امداد باہمی کی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فصلات ربیع کیلئے زیادہ سے زیادہ قرضوں کے حصول کیلئے فوری طور پر بینکوں کی قریبی برانچز سے رابطہ کریں تاکہ انہیں قرضوں کی فراہمی کاعمل مقررہ مدت میں یقینی بنایاجاسکے۔