فلم’’ڈریم لوورز‘‘کی افتتاحی تقریب پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کی شرکت

فلم’’ڈریم لوورز‘‘کی افتتاحی تقریب پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کی شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

حسن عباس زیدی
عکاسی:علی رضا

لاہور کی ثقافتی سرگرمیوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے ان دنوں ٹی وی ڈراموں کے ساتھ ساتھ فلموں کی شوٹنگز بھی جاری ہیں اس کے علاوہ نئی فلموں کا افتتاح بھی ہو رہا ہے ایک عرصہ کے بعد مقامی ہوٹل میں فلم’’ڈریم لوورز‘‘کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں لالی ووڈ کی معروف شخصیات سید نور،شہزاد رفیق،چوہدری اعجاز کامران،غلام محی الدین ،جونی ملک،عرفان کھوسٹ ،عاصم جمیل ،موسیٰ خان کے ساتھ ساتھ بھارت سے آئے ہوئے گلوکار شمشیر مہدی نے بھی شرکت کی ۔فلم ’’ڈریم لوورز‘‘کے پروڈیوسر ناصر محمود ہیں۔اس فلم کی موسیقی نوید واجد علی ناشاد نے ترتیب دی ہے۔اس رنگا رنگ تقریب میں نوجوان فنکاروں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس کی میزبانی کے فرائض حنا سلطان نے انجام دیئے ۔تقریب میں آنے والے معزز مہمانوں سے کاسٹ کا تعارف کروایا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید نور نے کہا کہ مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ اس فلم میں نئے چہروں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے ۔اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو وہ دن دور نہیں ہے جب ہماری فلمی صنعت ایک بار پھر عروج حاصل کرلے گی اس وقت کراچی اور لاہور دونوں جگہ فلمیں بن رہی ہیں تمام فلموں میں سینئر فنکاروں کے ساتھ نئے فنکار کام کررہے ہیں۔میں امید کرتا ہوں کہ آنے والے دور میں یہ ہی فنکار سٹار بن کر ابھریں گے۔سید نور نے کہا کہ لاہور کی ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے مجھ سمیت ہر شخص کوشاں ہیں۔غلام محی الدین نے کہا کہ ایک عرصہ بعد کسی ہوٹل میں فلم کی اتنی شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد آنے والے اچھے دور کی نشانی ہے میں اس فلم کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں اس فلم میں کام کرنے والے نوجوان فنکاروں کو یہ ہی کہوں گا کہ وہ خوب دل لگا کر کام کریں کیونکہ محنت سے ہیں کامیابی کا حصول ممکن ہے ۔فلم میں ایک اہم کردار ادا کرنے والے موسیٰ خان نے کہا کہ میں نے اپنے فنّی کیرئیر کا آغاز ناصر محمود کی ٹیلی فلم سے کیا تھا وہ ٹیلی فلم ہم ٹی وی کے لئے بنائی گئی تھی۔اب میں پانچ سال بعد ان کی فلم’’ڈریم لوورز ‘‘میں کام کرہا ہوں ناصر محمود ایک انتہائی اچھے انسان ہیں اور وہ اپنا تمام پیشہ وارانہ انداز میں انجام دیتے ہیں۔میری ایک اور فلم’’36آورز‘‘بھی زیر تکمیل ہے وہ فلم ساٹھ فیصد مکمل ہوچکی ہے اور رواں سال میں مکمل ہونے کے بعد عام نمائش کے لئے پیش کردی جائے گی۔موسیٰ خان نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کا مستقبل بہت روشن ہے ۔فلم میں کام کرنے والے ایک اور اداکار عاصم جمیل نے کہا کہ اس فلم میں میرا رول پاور فل ہونے کے ساتھ ساتھ پرفارمنس سے بھرپور ہے ۔بھارت سے آئے ہوئے مہمان شمشیر مہدی نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے میں اور میرے دونوں بھائی گریٹ دلیر مہدی اور میکا سنگھ کئی بار یہاں آچکے ہیں ۔میری دلی خواہش ہے کہ کہ یہ دونوں ملک پیار اور محبت سے رہیں اس میں ہی دونوں کی بھلائی ممکن ہے ۔مجھے اس تقریب میں شرکت کرکے جو خوشی ہو رہی ہے اس کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔شمشیر مہدی نے گانے سنا کر محفل کو خوب محظوظ کیا تقریب میں شریک دیگر مہمانوں نے بھی ملے جلے جذبات اور خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پرموسیقار نوید واجد علی ناشاد نے کہا کہ اس فلم کی موسیقی روائتی ڈگر سے ہٹ کر ہوگی نوجوانوں کو اس فلم کے تمام گیت بہت پسند آئیں گے۔فلم’’ڈریم لوورز‘‘کی تقریب کے اختتام پر پروڈیوسر ناصر محمود نے آئے ہوئے تمام مہمانوں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ میں اس فلم کو ہر اعتبار سے مکمل بناؤں اس فلم کو ہائی ڈیفینیشن کیمرہ پر شوٹ کیا جائے گا نئے فنکاروں کو کاسٹ کرنے کا مقصد خوشگوار تبدیلی لانا ہے کیونکہ تبدیلی کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -