گیس بحران جوں کا توں بر قرار ،لاہور سمیت پنجاب بھر میں شہری سراپا احتجاج

گیس بحران جوں کا توں بر قرار ،لاہور سمیت پنجاب بھر میں شہری سراپا احتجاج ...

  

                                              لاہور ( خبرنگار) موسم میں کافی حد تک تبدیلی آنے کے باوجود گیس کی صورت حال میں بہتری نہیں آ سکی ہے اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں گیس کے بحران کے خلاف شہری سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں شمالی لاہور کے مکینوں نے داروغہ والا اور مکھن پورہ (شادباغ ) کے مقامات پر گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کیے۔ تفصیلات کے مطابق سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف لاہور میں ہر روز کسی نہ کسی مقام پر احتجاجی مظاہرے کی روایت پڑ گئی ہے، گزشتہ روز گیس بندش کا شکارداروغہ والا کے سینکڑوں مرد، خواتین اور بچے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے جی ٹی روڈ پر پہنچ گئے اور وہاں ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کئے رکھی ،جس کی وجہ سے وہاں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، مظاہرے میں شریک خواتین نے ہاتھوں میں توے، دیگچیاں اور چمچے اٹھا رکھے تھے اس موقع پر شہری گیس کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ خواتین نے گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف سینہ کوبی کی اور کہا ایک طرف گیس کے بھاری بل جمع کروا رہے ہیں تو دوسری طرف ایل پی جی اور لکڑیاں خرید کر کھانے پکا رہے ہیں خواتین کا کہنا تھا کہ ان کے لئے یہ سردیاں گزشتہ سردیوں سے زیادہ تکلیف دہ ثابت ہو رہی ہیں کیونکہ گیس حکام کمپنی حکام کی مقررہ اوقات میں گیس فراہمی کے اعلانات پر ہمارے علاقے میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور کوئی عمل درآمد نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے ہم گھر کا کھانا پکانے اور کھانے کو ترس گئے ہیں، مظاہرین نے اس موقع پر گیس کے بل بھی نذر آتش کئے اور اعلان کیا کہ اگرانکے علاقے میں گیس سپلائی کی صورتحال کو بہتر نہ بنایا گیا تو سوئی گیس کے گورومانگٹ آفس کے سامنے مظاہرے کرینگے۔ دوسری جانب شمالی لاہور کے علاقہ مکھن پورہ (شاد باغ) کے مکینوںنے بھی مکھن پورہ چوک میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کیا اور بعد میں بند روڈ تک گیس کی بندش کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جبکہ اس کے ساتھ لاہور کے دیگر رہائشی علاقوں اچھرہ، سمن آباد، تاجپورہ، مغلپورہ، داروغہ والا، ساندہ، اسلامی پارک، کریم پارک اور ملحقہ علاقوں میں بھی گیس بحران نے مکینوں کو پریشان کئے رکھا، سوئی ناردرن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سردی میں اضافے کی وجہ سے سپلائی کے مقابلے میں گیس کی کھپٹ میں تین گنا اضافے کی وجہ سے صورتحال خراب ہوئی ہے گھریلو صارفین بیک وقت گیزر، ہیٹر اور چولہے استعمال کرنے سے گریز کریں۔ تاکہ تمام صارفین تک گیس کا پریشر پہنچ سکے۔

مزید :

علاقائی -