کرپشن کے خاتمے کیلئے پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ”پیڈا ایکٹ “سے نکال دیا گیا

کرپشن کے خاتمے کیلئے پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ”پیڈا ایکٹ “سے نکال دیا گیا

  

                            لاہور(زاہد علی خان)پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ”پیڈا ایکٹ“ سے نکال دیا گیا ہے یہ اقدام پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کرپشن کے خاتمے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کرپشن کو ختم کرنے کیلئے آئی جی پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے بعض اہم فیصلے بھی کئے ہیں جن میں سر فہرست اس ایکٹ کو ختم کیا گیا ہے اس حوالے سے جو فیصلے کئے گئے ہیں ان میں کرپشن میں ملوث افسران اور اہلکاروں کیخلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے، بتایا گیا ہے کہ بعض کرپٹ افسران اعلیٰ سفارشیں کروا کر سزاﺅں سے بچنے کیلئے اس ایکٹ کا سہارا لیتے ہیں جس افسر نے اس کیخلاف کارروائی کرنا ہوتی تھی وہ اس کیخلاف عدالت کا سہارا بھی لیتا تھا ۔ جبکہ بعض کرپٹ افسران سزا سے بچنے کیلئے کئی حربے اختیار کرتے تھے ۔ آئی جی پولیس پنجاب نے محکمہ پولیس سے کرپشن ختم کرنے کیلئے دیگر سخت اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ کرپشن میں ملوث افسران کیخلاف غیر جانبدارانہ انکوائریاں ہونگی اور ان افسران کومحکمہ سے نکال دیا جائے گا۔ انکوائری ثبوتوں کی بنیاد پر ہوگی اور دوبارہ ان افسران کو محکمہ مےں واپس نہیں لیا جائے گا۔ کرپٹ افسران کی رپورٹ کو اعمال نامے کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور اسے بہتر پوسٹنگ سے بھی محروم ہونا پڑے گا اور ایسے افسران کو صوبہ بدر یا ضلع بدر بھی کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب پولیس کے ذرائع کے مطابق انہوں نے کرپشن میں ملوث افسران سے متعلق ایک فہرست بھی طلب کر لی ہے جن کیخلاف کارروائی ہوگی اور ایسے افسران کو پنجاب میں یا وفاق میں تعیناتی کیلئے اپنی کارکردگی ثابت کرنا ہوگی۔

مزید :

صفحہ اول -