انچارج انویسٹی گیشن اور تفشیشی افسر معطل،محکمانہ کاروائی کیلئے شو کاز نوٹس جاری
لاہور(کر ائم سیل)ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم نے شہزاد نامی شہری کو 5 سال پرانے مقدمے میں ناجائز طور پرملوث کرتے ہوئے گرفتار کرنے اوراس پر جھوٹی برآمدگی ڈالنے کا الزام ثابت ہونے پر انچارج انویسٹی گیشن پرانی انارکلی ارشد کاہلوں اور تفتیشی افسر اے ایس آئی محمد طارق کو معطل کرتے ہوئے محکمانہ کاروائی کے لئے شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ایس ایس پی نے چالان عدالت میں بھجوانے کی شرح میں خاطر خواہ اضافے پر ڈی ایس پی شاہدرہ سرکل عابد حسین کو تعریفی خط جاری کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شہزاد نامی شہری کی والدہ نے ایس ایس پی کو درخواست دی کہ پولیس نے میرے بیٹے کو ایک جھوٹے مقدمہ میں گرفتار کر کے اور جھوٹی برآمدگی ڈال کر جیل بھجوادیا ہے جس پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے ایس پی سی آر او عمر ریاض چیمہ کو معاملے کی انکوائری کا حکم دیا۔ ایس پی سی آر او کی انکوائری میں خاتون کی درخواست میں لگائے گئے الزامات درست پائے گئے جس پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے انچارج انویسٹی گیشن اور تفتیشی افسر کو معطل کر کے ان کے خلاف محکمانہ کارروئی کا آغاز کر دیا ہے ۔