امریکہ کے شمالی مشرقی ساحل پر شدید ترین برفانی طوفان کا آغاز ،ایمر جنسی نافذ

امریکہ کے شمالی مشرقی ساحل پر شدید ترین برفانی طوفان کا آغاز ،ایمر جنسی نافذ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                               واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) شمالی مشرقی ساحل پر امریکی تاریخ کا شدید ترین برفانی طوفان آج سوموار کے روز شروع ہوچکا ہے جو بدھ تک جاری رہے گا۔ نیو جرسی سے شروع ہوکرنیویارک اور نیوانگلینڈ کی ریاستوں سے ہو کر ”مین“کی ریاست تک ساحلی دائرے میں تیز ہواﺅں کے ساتھ تین سے چار فٹ تک برف گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ قبل ازیں 1947ءاور 2006ءمیں دو فٹ کے قریب یہاں برف پڑی تھی۔جے ایف کے سمیت اس علاقے کی عام ائیرپورٹس بند اور ڈیڑھ ہزار سے زائد پروازیں منسوخکردی گئی ہیں اور تمام سکول بھی بند رہیں گے۔ میئر بل ڈی بلا سیونے تمام شہریوں کو دو دن احتیاط کے ساتھ گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق برف گرنے کے دوران ہوا کی رفتار 65 میل فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جو ہوا کی رفتاری کی شدید سطح شمار ہوتی ہے۔نیوانگلینڈ کی ریاست کنکٹیکٹ میں رہائش پذیر پاکستانی تاجر خان بیگ ملک نے جن کا تعلق ملتان سے ہے ٹیلی فون پراس نمائندے کوبتایا ہے کہ گورنر نے پوری ریاست میں آج سہہ پہر سے ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔ بیگ ملک جو خود بھی لاہور میں اخبار نویس رہ چکے ہیں بتایا ہے کہ گورنر کے اعلان کے مطابق شام کو تمام سڑکیں بلاک کردی جائیں گی۔ ان کے علاقے میں 25 انچ سے تین فٹ تک برف پڑنے کی توقع ہے اور ہر گھنٹے میں تین سے چار انچ برف گرے گی۔ بیگ ملک کے مطابق سب سے خطرناک بات اس دوران ہوا کی رفتار ہے جو 59 میل فی گھنٹہ ہوگی۔ برف کے دباﺅ سے بجلی کی تاریں ٹوٹیں گی اور پورے علاقے میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔ اس وجہ سے شہریوں نے گھروں میں کھانے پینے کے سامان کی سپلائی محفوظ کرلی ہے اور دو دن تک سارے کام کاج چھوڑ کر گھروں میں ہی رہیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -