کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے بسنت منانے کی اجازت مانگ لی

کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے بسنت منانے کی اجازت مانگ لی

لاہور(خبرنگار) کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے لاہور میں 7 اور 8 مارچ کو بسنت منانے کے لئے ضلعی حکومت سے اجازت طلب کر لی ہے۔ کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ محمد سلیم نے گزشتہ روز ضلعی حکومت کو درخواست دی ہے کہ لاہور میں پتنگ بازی پر پابندی سے لاکھوں افراد کا روزگار تباہ ہو کر رہ گیا ہے جبکہ بسنت جیسا ایک تاریخی فیسٹیول مستقل طور پر ختم ہو کر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے ڈی سی او لاہور کو درخواست کے ذریعے کہا ہے کہ شہر میں 7 اور 8 مارچ کو دو روز کے لئے بسنت منانے کی اجازت دی جائے تاکہ بسنت منانے کا تاریخی اور عالمی تہوار بحال ہو سکے۔ ضلعی حکومت نے شیخ محمد سلیم کی درخواست اپنے پاس رکھ لی ہے تاہم اس کی منظوری کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کی جائے گی جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب فیصلہ کریں گے ۔ دوسری جانب اینٹی کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر راﺅ محمد اکرام خان، پتنگ متاثرین کمیٹی کے چیئرمین شیخ محمد امین قادری اور اکرام اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا اور خونی کھیل ہے ، حکومت اس قاتلانہ کھیل کی ہرگز اجازت نہ دے۔ اگر حکومت نے اس خطرناک کھیل (بسنت) کو منانے کی اجازت دی تو مظاہرے کیے جائیں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...