ڈیووس میں عالمی بیٹھک

ڈیووس میں عالمی بیٹھک

مکرمی!وزیراعظم نواز شریف نے عالمی اقتصادی فورم میں ڈیووس کے مقام پر شرکت کرکے پاکستان میں ترقی کا جاری سفر پور ی دنیا کے سامنے رکھا۔ مخالفین کی طرف سے یہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم تو اِس فورم میں مدعو ہی نہیں کئے گئے تھے۔ یہ بات مضحکہ خیز معلوم ہوتی ہے، کیونکہ پورے میڈیا نے وزیراعظم کی دنیا کے مختلف رہنماوں اور اداروں کے سربراہان کے ساتھ ملاقات کو بڑے واضح انداز میں نشر کیاہے، بلکہ یہ ملاقاتیں پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے بڑی بار آور بھی ثابت ہوئی ہیں، کیونکہ دنیا کے مانے ہوئے سرمایہ کار پاکستان کے بہتر ہوتے حالات کے پیش نظر پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان کا جی ڈی پیگروتھ ریٹ بڑھ رہا ہے، اِس کے ساتھ ساتھ سٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بھی مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے، حالیہ دِنوں میں اِس میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور 50 ہزار انڈکس کی نفسیاتی حد کو پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عبور کیا گیا ہے۔ ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے صدر نے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں پاکستان میں اقتصادی ترقی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ سرمایہ کاری میں اضافے کا باعث بنے گی۔ اِس کے علاوہ وزیراعظم نے دنیا کے دوسرے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی، جن میں سوئس صدر اور سری لنکا کے وزیراعظم بھی شامل تھے۔

مزید : اداریہ

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...