نئے آٹوپارٹس پر ڈیوٹیاں اور ٹیکس کم کیے جائیں، ناصر حمید خان
لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ وہ نئے آٹوپارٹس پر ڈیوٹی 35فیصد سے کم کرکے 10فیصد کرے جس سے سمگلنگ کی روک تھام ہوگی، حکومت کے محاصل بڑھیں گے اور صارفین کو نئے آٹوپارٹس سستے داموں میسر آئیں گے۔ لاہور چیمبر میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے آٹوپارٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حمید خان نے کہا کہ سمگلنگ کے لیے کشش رکھنے والی اشیاء پر ڈیوٹی پانچ سے دس فیصد کے درمیان مقرر کردی جائے تاکہ سمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہو۔ اجلاس میں شاہد حسین، احمد قاسم خان، حمزہ فاروق، عبدالجبار، اسد اعجاز شیخ، شاہد رضا، حبیب احمد، وقار حسین ، ایس اے مجید، سلیم اللہ اور میاں ابرار حسین بھی موجود تھے۔ ناصر حمید خان نے کہا کہ ویلیوایشن کے بجائے آٹوپارٹس پر ڈیوٹی کم کی جائے تاکہ حقیقی معنوں میں فائدہ ہو۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنی بجٹ تجاویز جلد از جلد لاہور چیمبر کو بھجوائیں تاکہ یہ متعلقہ حکام تک بھجوائی جاسکیں۔ اس موقع پر آٹوپالیسی، آٹومکینیکا فیئر اور دیگر معاملات بھی زیر بحث آئے۔