ترقیاتی سکیموں کی تکمیل بروقت یقینی بنائی جائے: وزیر آبپاشی پنجاب

ترقیاتی سکیموں کی تکمیل بروقت یقینی بنائی جائے: وزیر آبپاشی پنجاب

لاہور(اپنے خبرنگار سے )صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا امانت اللہ شادی خیل نے کہا ہے کہ ایریگیشن سروس ڈلیوری کی بہتر ی اور ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کیلئے میکنزم فوری ترتیب دیا جائے تاکہ عوامی بھلائی کے منصوبہ جات کے ثمرات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایریگیشن سیکرٹیریٹ میں چیف انجینئرزکے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل ) عابد علاؤالدین ، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ طاہر انجم قریشی ، چیف انجینئر پلانگ اینڈ ریویو کیپٹن (ر) عبدالقدیر خان، چیف انجینئر (ریسرچ) غلام قادر ، چیف انجینئر (ڈرینج اینڈ فلڈ) خاورنذیر، چیف انجینئر لاہور زون ریاض رشید، چیف انجینئر سرگودھا زون محمد اسلم تبسم ، چیف انجینئر فیصل آباد زون شیخ محمد نواز، چیف انجینئر ڈی جی خان زون میاں محمد عابد، چیف انجینئر ملتان ملک محمد امیر خان، چیف انجینئر بہاولپور وقار حسین وڑائچ کے علاوہ پراجیکٹ ڈائریکٹر لوئر باری دوآب کینال امپرومنٹ پراجیکٹ خالد حسین قریشی، پراجیکٹ ڈائریکٹر پروگرام امپلیمنٹیشن یونٹ عبدالرحیم گریوال اورہیڈ پی ایم او بیراجز امجد سعید نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو اصلاح آبپاشی سے متعلقہ ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر آبپاشی کو اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران 41 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے جس کی مدد سے نہروں کی پختگی ، چھوٹے ڈیموں کی تعمیر، بیراجوں کی بحالی اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ ڈرینج سسٹم کی بحالی کی ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔

صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ نہری تنصیبات کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ نیو خانکی بیراج کی تعمیر ، سلیمانکی بیراج کی بحالی اور جلالپور کینال کی تعمیر کے حوالے سے فیزیبلٹی سٹڈی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اسی طرح زیر زمین پانی کے ریچارج کے لئے ایریگیشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے۔ صوبائی وزیر آبپاشی امانت اللہ شادی خیل نے چیف انجینئرز کو ترقیاتی سرگرمیاں مزید تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو بھرپور معاونت فراہم کی جائیگی تا کہ کسان برادری کے آبی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض میں غفلت کرنے والے سٹاف کو وارننگ جاری کی جائے تا کہ ترقیاتی کام متاثر نہ ہوں ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ چیف انجینئرز کا آئندہ اجلاس فروری کے تیسرے ہفتہ میں ہو گا جس میں اہد اف اور کارگردگی کا موازنہ کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی رکاوٹ ہو تو انہیں فوراً آگاہ کیا جائے تا کہ اعلیٰ حکام کی بروقت معاونت حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کے آبی حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...