پاکستان میں پرکشش پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے ‘ افتخار بشیر
لاہور( این این آئی) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں پرکشش پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے ،امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھ رہی ہے انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے بہترین 6ممالک میں پاکستان کا نام شامل ہونا خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ دنیا کی مشہور فنڈمینجر ایمی کمپینن کی جانب سے دنیا کے جن 6ملکوں کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین قرار دیا گیا ہے ان میں پاکستان بھی شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے باعث پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔پاکستان کی معاشی پیش رفت دوسرے ملکوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کررہی ہے ۔
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اور منصوبہ کی راہ میں انڈسٹریل زونز کے قیام سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کا رخ پاکستان کی طرف ہوگیا ہے ۔اور دنیا بھر سے بڑی بڑی اور معروف کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کررہی ہیں ۔ سرمایہ کاروں کیلئے بہترین ماحول کی فراہمی سے ملک کے اندر غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ حکومتی پالیسیوں پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد کا مظہر ہے۔