31دسمبر2016ء کو ختم ہونے والی ششماہی میں لکی سیمنٹ کو 7.04ارب روپے کامنافع

31دسمبر2016ء کو ختم ہونے والی ششماہی میں لکی سیمنٹ کو 7.04ارب روپے کامنافع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی) لکی سیمنٹ نے 31دسمبر2016ء کو ختم ہونے والی ششماہی میں7.04ارب روپے منافع کا اعلان کیا ہے۔جوپچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں12.5فیصد زیادہ ہے۔کمپنی کی فی حصص آمدنی پچھلے مالی سال کے اس عرصے کے 19.34روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 21.76 روپے رہی۔کمپنی کا خالص سیلز ریونیوپچھلے مالی سال کے اس عرصے کے 21.84ارب روپے کے مقابلے میں7.5فیصد بڑھ کر23.44ارب روپے رہا۔

کمپنی کی خالص فروخت آمدنی میں اضافے کی بنیادی وجہ فروخت کا اضافہ تھا۔کمپنی کی مقامی سیمنٹ فروخت 23.2 فیصداضافہ کے ساتھ پچھلے سال کے اسی عرصے کے 2.42ملین ٹن کے مقابلے میں2.98ملین ٹن رہی۔جبکہ کمپنی کے برآمدت میں کمی رہی جو پچھلی مالی سال کے اسی عرصے کے 0.90ملین ٹن کے مقابلے میں16.3فیصدکمی کے ساتھ0.75ملین ٹن رہی۔31دسمبر 2016ء کو ختم ہونے والی ششماہی میں لکی سیمنٹ نے 8.12بلین روپے منافع حاصل کیا جو کہ پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلہ میں 13.3فیصد زیادہ ہے۔
چنانچہ خالص بنیادوں پر لکی سیمنٹ کی فی حصص آمدنی پچھلے مالی سال کے 22.17روپے کے مقابلے میں 25.12روپے رہی۔لکی سیمنٹ نے اپنے مقامی اور بین الاقوامی پراجیکٹس میں بھی نمایا ں پیش رفت کی ہے جس میں ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں سیمنٹ مینو فیکچرنگ پلانٹ، پنجاب میں گرین فیلڈ سیمنٹ مینو فیکچرنگ پلانٹ کی تنصیب، کراچی پلانٹ پرنئی پیداواری لائن کی تنصیب ،پورٹ قاسم پر 660میگاواٹ کا سپرکریٹیکل کوئلے سے بجلی پیداکرنے والا منصوبہ اور پیزو پلانٹ میں10میگاواٹ کا ویسٹ ہیٹ ریکوری پلانٹ جیسے منصوبے شامل ہیں۔ لکی سیمنٹ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے تحت صحت، تعلیم اور ماحول کے شعبے میں بھی خدمات انجام دے رہی ہے اور اس سلسلے میں کمپنی دی سٹیزن فاؤنڈیشن اسکولز کے گریجویٹس کیلئے اعلیٰ تعلیم سمیت میرٹ کی بنیاد پر مستحق طلباء کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں وظائف فراہم کررہی ہے۔اس کے علاوہ لکی سیمنٹ نے عزیز ٹبہ فاؤنڈیشن، سی پی ایل سی اور دیگر غیر منافع بخش اداروں کی سپورٹ جاری رکھی ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگرام کے تحت لکی سیمنٹ نے زندگی ٹرسٹ کے تعاون سے کراچی میں لڑکیوں کے دو معروف اسکولوں کی معاونت شروع کردی ہے۔

مزید :

کامرس -