لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام 3روزہ پنجاب گلگت بلتستان فیوژن فیسٹیول

لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام 3روزہ پنجاب گلگت بلتستان فیوژن فیسٹیول

لاہور(فلم رپورٹر) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے زیر اہتمام 3روزہ پنجاب گلگت بلتستان فیوژن فیسٹیول 2تا4فروری 2017ء الحمراء آرٹس کونسل اور گریٹراقبال پارک میں منعقد کیا جارہاہے ۔اس فیسٹیول کے حوالے سے چیئرمین بورڈ آف گورنز لاہورآرٹس کونسل و ڈائریکٹر جنرل والڈسٹی آف لاہوراتھارٹی کامران لاشاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس پنجاب گلگت بلتستان فیوژن فیسٹیول سے بین الصوبائی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی چونکہ پاکستانی ثقافت کئی رنگوں کا خوبصورت گلدستہ ہے جس کو اس فیسٹیول میں عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ ایسے فیسٹیول ہمیشہ سے ہماری ترجیحات کا حصہ رہے ہیں کیونکہ ثقافت کسی بھی قوم کی بقاء کی ضامن ہوتی ہے جس سے کسی صورت صرف نظر ممکن نہیں ہم اپنے انہی مقاصد کو کامیابی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل کیپٹن(ر)عطاء محمد خان نے اس فیسٹیول سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب گلگت بلتستان فیو ژن فیسٹیول کا مقصد جہاں ایک طرف علاقائی اقدار ورسوم ورواج کواجتماعی پاکستانی تہذیب وثقافت کے ساتھ یک جاء کرنا ہے وہاں دوطرفہ عوامی سطح پر ہم آہنگی کا فروغ ہے ،امن وبھائی چارئے کادرس ہے اور عالمی سطح پر پاکستانی سوفٹ امیج کی ترویج ہے ۔اسی امرء کی آج ہمیں ترجیحی بنیادوں پر ضرورت ہے لہذا والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور لاہور آرٹس کونسل الحمراء نے اسی مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ ٹھوس اقدام اٹھایاہے جسے بھرپور طریقے کامیاب بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتں بروئے کار لائی جا ئیں گی۔یہ فیسٹیول ،بلتی ڈانس،کرافٹ وفوڈسٹال الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے طلبہ وطالبات کی پرفارمنس ،Sword Dance،ڈھول دھمال، دیگر طرز کی میوزک پر فارمنس پر مبنی ہے واضح رہے پنجاب اور گلگت بلتستان کے فن کاروں کی ایک ہی پلیٹ فارم پر مشترکہ پرفارمنس سے جہاں قومی یک جہتی کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی وہاں عوام کو سستی اور معیاری تفریخ بھی میسر آئے گی۔

مزید : کلچر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...