صبح اور چھٹی کے وقت حکومت سیکیورٹی کے لئے اقدامات کرے،ادیب جاودانی
لاہور (خبرنگار)تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے جائزہ کے دوران سروئے میں پرائیویٹ سکولوں کے مالکان نے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی کا حکومت کو ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے۔ اس حوالے سے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ادیب جاودانی نے بتایا ہے کہ سکولوں کے کھلنے کے اوقات اور چھٹی کے وقت سکولوں کو سیکیورٹی کی ضرورت ہوتی ہے اس میں حکومت کو اقدامات کرنا چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی گارڈ کو ملازمت پر رکھتے ہیں تووہ دہشت گردی کے خوف سے چھوڑ جاتے ہیں، اس میں ان کی سیکیورٹی اور دی گئی تنخواہ بھی ضائع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کو واضح طور پر بتایا ہے کہ پرائیویٹ سکولز سیکیورٹی کے مکمل اقدامات نہیں کر سکتے ہیں۔ اس میں انتظامیہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، اس سلسلہ میں ڈی سی کے ساتھ سی سی پی او لاہور کو تحفظات سے آگاہ کر چکے ہیں۔