وزیر اعلی نوجوانوں کیلئے 17ارب روپے کے انڈومنٹ فنڈ کی بنیاد رکھی،ڈاکٹر فرخ

وزیر اعلی نوجوانوں کیلئے 17ارب روپے کے انڈومنٹ فنڈ کی بنیاد رکھی،ڈاکٹر فرخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( اپنے خبر نگار سے ) خوابوں کو حقیقی تعبیر دینے کے لئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو محض ذمہ داری نہیں سمجھا بلکہ انہیں قومی سرمایہ بنانے کے لئے 17ارب روپے کے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی بنیاد رکھی۔ جس کے بل بوطے پر 1لاکھ 75ہزار باصلاحیت طلبا و طالبات ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کے لئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ جاوید نے ساہیوال میں مذکورہ فنڈ سے مستفید ہونے والے ساہیوال ڈویژن کے ایک ہزار سے زائد طلبا وطالبات سمیت دیگر ہونہار طالبعلموں سے پروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کیے جانے والے ان انقلابی اقدامات کے ثمرات مستقبل قریب میں سامنے آئیں گے۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ میں تعلیمی انقلاب برپا کرنے کے لئے نہایت ایماندارانہ بنیادوں کام جاری ہے اور یہ امر لائق تحسین ہے کہ ان وظائف کا اجراء خالصتا میرٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر یہ لازم ہے کہ وہ اس چراغ کو بجھنے نہ دیں بلکہ اس کی روشنی کو مزید تیز کرنے کے لئے اپنے گردوپیش میں چھپے بلا صلاحیت نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں۔ اس پروگرام کو معاشرے کے ہر طبقے نے سراہا ہے،خصوصا غریب والدین کے جذبات دعاؤں سے مزین ہیں جو وسائل نہ ہونے کے باوجود اس فنڈ کی بدولت اپنے بچوں کا روشن مستقبل دیکھ رہے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے وائس چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ مذکورہ پروگرام وزیر اعلی کی علم دوستی اور وطن کی ترقی سے عہد کامنہ بولتا ثبوت ہے جو گزشتہ آٹھ سالوں سے نہایت شفافیت اور ایمانداری کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ۔ جس سے یہ بات یقین کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ ہمارے جواں عزم طلبہ اپنی بھر پور صلاحیتوں سے اس انقلاب کو ملک و ملت کی ترقی اور خوشحالی کے لئے استعمال کر یں گے۔ مذکورہ تقریب میں سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ اور ان وظائف کی بنیاد پر عملی زندگی میں قدم رکھنے والے نوجوانوں نے بھی خطاب کیا اور اس عہد کو دوہرایا کہ وہ علم کی خواہش رکھنے والے دیگر ساتھیوں کا حوصلہ بڑھانے میں اپنی قومی ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال شوکت علی کھچی ،،ڈپٹی کمشنر پاکپتن عرفان سندھو ،ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد ،اے ڈی سی جی رضوان نذیر ،اسسٹنٹ کمشنر بابر سلیمان ،میئر ساہیوال اسد علی بلوچ ،چیئر مین پی ایچ اے پیر احسان الحق ادریس اور ماہرین تعلیم کے علاوہ اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد شریک ہوئے ۔