گیس میٹر چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں 2ملزموں کو بری

گیس میٹر چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں 2ملزموں کو بری

لاہور(نامہ نگار )ماڈل ٹاؤن کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے سوئی گیس میٹر چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث 2ملزموں کو بری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پولیس کی ناقص تفتیش کے باعث بے گناہ شہری پولیس کی انتقامی کارروائی کا نشانہ بن رہے ہیں ۔جوڈیشل مجسٹریٹ افتخار حسین کمیانہ نے ملزموں نوید اور زین العابدین کے خلاف درج دو مقدمات کی سماعت کی ، پراسکیوشن نے جوہر ٹاؤن پولیس کی جانب سے پیش کئے گئے چالان پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جوہر ٹاؤن پولیس نے گیس میٹر چوری اور ڈکیتی کے دو مختلف مقدمات نا معلوم ملزموں کے خلاف درج کئے، پولیس نے تفتیش کے بعد ملزموں نوید عرف نویدا اور زین العابدین کو مقدمات میں شامل کر کے گرفتار کیا، پراسکیوشن نے دلائل دیئے۔

کہ پولیس کی جانب سے پیش کئے گئے چالان کے مطابق ملزموں کے خلاف کوئی آزاد گواہ نہیں جبکہ ملزموں کے خلاف تمام گواہ پولیس ملازمین ہیں، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد سوئی گیس میٹر چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث دو ملزموں کو مذکورہ بالا ریمارکس کے ساتھ بری کردیا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4