محکمہ جنگلی حیات کے دو افسر تبدیل
لاہور(لیڈی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان کی سفارشات پر سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری کیپٹن (ر) جہانزیب خان نے دو افسران کے فوری تبادلے کی منظوری دیتے ہوئے احکامات جاری کر تے ہوئے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنگلی حیات لاہور ریجن عبدالشکور منج کو گریڈ 18 میں ترقی دیکر خالی آسامی پرڈپٹی ڈائریکٹر جنگلی حیات گوجرانوالہ تعینات کر دیا ہے جبکہ ضلعی افسر جنگلی حیات گوجرانوالہ احسان احمد راجہ کو تین ماہ کے لئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر گوجرانوالہ کا اضافی چارج دینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔ دونوں افسران کو اپنی موجودہ جگہ تعیناتی سے فوری طور پر چارج چھوڑنے اور نئی جگہ تعیناتی پر فوری طور پر چارج سنبھال کرہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدائت کی گئی ہے۔