عمران خان اب سپریم کورٹ سے بھاگنے کی تیاری کر رہے ہیں : مسلم لیگ (ن)

عمران خان اب سپریم کورٹ سے بھاگنے کی تیاری کر رہے ہیں : مسلم لیگ (ن)

 اسلام آباد(اے این این)مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے پاناما کیس کو جھوٹ کا پلندہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم کا تعلق پاناما سے ختم ہو گیا عمران خان اب سپریم کورٹ سے بھی بھاگنے کی تیاری کر رہے ہیں ، کپتان عوام کے ووٹوں پر نہیں امپائر اور لاٹری پر یقین رکھتے ہیں، (ن)لیگ کی کارکردگی نے مخالفین کو بوکھلاہٹ اور شدید ذہنی کرب کا شکار کردیا ، عمران خان جلن اور حسد کا شکار نہ ہوتے تو پاکستان آج بہت آگے بڑھ گیا ہوتا، مریم نوازکبھی کسی سرکاری عہدے پرنہیں رہیں، میڈیاپرلگائے گئے ا لزامات میں سے ایک بھی ثابت نہیں کیاجاسکا۔جمعرات کوسپریم کورٹ کے باہرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ عمران خان نے سیاست کی طرح عدالت میں بھی موقف بدل لیا ہے، ان کا عدالت میں موقف صبح کچھ اور شام میں کچھ ہوتا ہے لیکن ہمارا شروع سے ایک ہی موقف ہے اور اسی موقف کی فتح ہوگی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان عوام کے ووٹوں اور جمہوری عمل پر یقین نہیں رکھتے بلکہ امپائر یا کسی لاٹری پر یقین رکھتے ہیں، دنیا کی تاریخ میں کسی سیاسی لیڈر نے تیننسلوں کا حساب نہیں دیا ہوگا لیکن نواز شریف کا جمہوری عمل اور عدالتوں پر اتنا ایمان ہے کہ انہوں نے اپنی تین نسلوں کا جواب سپریم کورٹ کے سامنے پیش کردیا ہے، عمران خان اپنی خیر منائیں کیونکہ ان سے صرف پچھلی نسل کا حساب لے لیا جائے تو وہی کافی ہوگا۔ وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وفاقی حکومت اور (ن)لیگ کی کارکردگی نے ہمارے مخالفین کو بوکھلاہٹ اور شدید ذہنی کرب کا شکار کردیا ، اگر یہ سیاسی طور پر میچور ہوتے تو ہمارا مقابلہ کارکردگی سے کرتے جبکہ پاناما کیس صرف سیاسی مقدمہ ہے جس پر مخالفین سیاست کررہے ہیں اور درخواست گزاروں کا مقصد اس کا فیصلہ کروانا نہیں ہے، کبھی دھرنا دیتے ہیں تو کبھی پارلیمنٹ میں ڈرامے کرتے ہیں اور اب عدالت عظمی کا وقت ضائع کررہے ہیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ایک دن فیصلہ کیا آنا ہے، اداروں سے عمران خان کی مرضی کے فیصلے آئیں تو وہ خوش ہیں لیکن اگر فیصلے انصاف کے آئیں تو نا خوش، جہاں جیت جائیں وہاں دھاندلی نہیں ہوتی لیکن ہار جائیں دھاندلی ہوتی ہے۔ وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم کا نام پاناما لیکس سے جوڑنے کی بہت کوشش کی لیکن آج وزیراعظم کا تعلق پاناما سے ختم ہو گیا اور ان کا جھوٹ بھی عوام کے سامنے آگیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اب سپریم کورٹ سے بھی بھاگنے کی تیاری کررہے ہیں کیونکہ عدالت میں ثبوت پیش کرنا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقابلہ جھوٹے لوگوں سے ہے عمران خان سپریم کورٹ میں آکر جھوٹی سیاست کررہے ہیں، مریم نواز کے زیر کفالت ہونے سے متعلق الزامات غلط ثابت ہوئے اور ان کا جواب عدالت میں انہیں مل گیا ہے۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی مریم نوازکے وزیراعظم کے زیرکفالت ہونے پرکیس لڑرہی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے مریم نواز کیخلاف ایک بھی ثبوت نہیں دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ مریم نوازکبھی کسی سرکاری عہدے پرنہیں رہیں، میڈیاپرلگائے گئے الزامات میں سے ایک بھی ثابت نہیں کیاجاسکا ۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پاناما کیس جھوٹ کا پلندہ ہے مخالفین کہتے ہیں کہ اتنا جھوٹ بولو کہ وہ سچ لگنے لگے عمران خان قوم سے جھوٹ بولتے رہے جو آج ثابت ہوگیا ہے۔ محسن نواز نے کہا کہ مریم نواز اپنے والد کے زیر کفالت نہیں۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...