اخلاقی شکست سے دوچار وزراء تلخیاں بڑھارہے ہیں،لیاقت بلوچ

اخلاقی شکست سے دوچار وزراء تلخیاں بڑھارہے ہیں،لیاقت بلوچ

لاہور (اے این این)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اخلاقی لحاظ سے شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔وزراء حکومتی ساکھ بحال رکھنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پرالزام تراشیاں اور پگڑیاں اچھال کر سیاست میں تلخیوں کا آغاز کررہے ہیں ،حکمران سی پیک کے نام پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی مشکوک رپورٹ عدالت پر اثر انداز ہونے کی ناکام کوشش ہے،دفعہ62/63کو ختم کرنے کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،پوری قوم امید بھری نظروں سے سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے،سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کی سیاست کا رخ متعین کرے گا،جماعت اسلامی 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش اور ولولے سے منائے گی،فاٹا سے ایف سی آر کا خاتمے اور فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کے فیصلہ پر فوری طور پر عمل درآمد کروایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار فیصل آباد میں مرکزی امیر میاں محمد اسلم،ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان،نائب امیر محبوب الزماں بٹ ،رائے اکرم کھرل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا روز اول سے یہ موقف ہے کہ ہر کرپٹ شخص کو قانون کے دائرہ میں لایا جائے اور سب کا بے لاگ اور کڑا احتساب ہو،سپریم کورٹ ایک ایسا بااختیار کمیشن قائم کرے جو بلا امتیاز تحقیقات کرے اور احتساب کے بارے میں پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی کے لئے سفارشات بھی مرتب کرے۔انہوں نے کہا کہ حکمران قوم کو سی پیک کے نام پر نیا لولی پاپ دے کر بہلانے کی کوشش کررہے ہیں ،پاک چین دوستی پر پوری قوم کو فخر ہے لیکن امریکہ کی گود سے نکل کر 45ارب ڈالر کا نیا اقتصادی بوجھ قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں جماعت اسلامی ملک بھر میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی ۔

لیاقت بلوچ

مزید : علاقائی