عوامی تحر یک کے احتجاج میںآج اپوزیشن جماعتیں شرکت کریں گی
لاہور(آئی این پی)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انصاف نام کی کوئی چیز ہوتی تو ماڈل ٹاؤن کے قاتل پھانسی چڑھ گئے ہوتے ،انصاف کا نظام مظلوم کی بجائے ظالم کی حیثیت دیکھتا ہے ۔قصاص کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔یہ کیسا سپیڈی جسٹس ہے کہ27 ماہ کے بعد بھی قاتلوں کو سزا ملنا دور کی بات کسی نے انہیں بلانے کی زحمت بھی گوارا نہیں کی؟ حکومت کی مرضی کے بر عکس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمیشن کی رپورٹ جاری ہو سکتی ہے تو ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کیوں نہیں؟ انصاف کے دوہرے معیار کب تک چلیں گے ؟ کور کمیٹی کے اجلاس میں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے آج 27 جنوری کے احتجاج کے حوالے سے اجلاس اور سربراہ عوامی تحریک کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کارکن ایوان اقبال لاہور کے سامنے پر امن جمع ہونگے اور ریلی کی شکل میں پریس کلب کے سامنے پہنچیں گے جہاں پر نماز مغرب کے بعد سربراہ عوامی تحریک ویڈیو لنک پر براہ راست خطاب کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی،تحریک انصاف،ق لیگ،جماعت اسلامی،اے پی ایم ایل ،مجلس وحدت المسلمین ،سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ، دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں ۔
عوامی تحریک احتجاج