بجلی کی قیمتوں میں 2روپے 21پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری

بجلی کی قیمتوں میں 2روپے 21پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری

اسلام آباد (اے این این) نیپرا نے ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں 2روپے 21پیسے کمی کی منظوری دیدی ہے ٗاطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ جمعرات کو نیپرا میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں ردو بدل کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں سی پی پی اے نے فرنس آئل سستا ہونے کے باعث ماہ دسمبر میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 58 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی۔ بریفنگ کے دوران نیپرا کو بتایا گیا کہ دسمبر میں کل 7 ارب 19 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جب کہ فرنس آئل سے فی یونٹ بجلی 8 روپے65 پیسے اور مقامی گیس سے5 روپے28 پیسے کی لاگت آئی۔نیپرا نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں مزید 36 پیسے فی یونٹ کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے 2 روپے 21 پیسے کمی کی منظوری دیدی تاہم کمی کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

مزید : علاقائی