لاہور بورڈ، میٹرک امتحانات یکم مارچ سے شروع ہوں گے: ناصر جمیل

لاہور بورڈ، میٹرک امتحانات یکم مارچ سے شروع ہوں گے: ناصر جمیل

لاہور(حافظ عمران انور)کنٹرولربورڈآف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور ناصرجمیل نے کہا ہے کہ میٹرک کے امتحانات یکم مارچ سے شروع ہونگے، 4لاکھ82ہزار556امیدوار شرکت کریں گے ،امیدواروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر امتحانی سنٹرز میں اضافہ کیا جارہاہے۔روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کنٹرولرامتحانات لاہور بورڈ ناصر جمیل نے کہا کہ لاہوربورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے امتحانات کیلئے 848 امتحانی سنٹرز تشکیل دئیے گئے ہیں،جہاں پر 848سپرنٹنڈنٹس،885ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور4150اساتذہ پر مشتمل امتحانی عملہ تعینات کیاجائیگا۔انہوں نے بتایا کہ امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے22 سپیشل موبائل ٹیمیں ،153ڈسٹربیوٹنگ انسپکٹر،295چیئرمین سکواڈ اورموبائل انسپکٹرزتعینات کئے گئے ہیں جبکہ تمام امتحانی عملہ پر واضح کردیاگیاہے کہ اگر کسی جگہ نقل کی شکایت ملی تو متعلقہ عملہ کو بلیک لسٹ کرنے سمیت ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ کنٹرولرامتحانات نے بتایا کہکنڈکٹ ڈیپارٹمنٹ کو بالکل فیئر اینڈ فری اوربین الاقوامی معیارکے مطابق بنانے پر کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ انشائیہ کی مارکنگ کو بھی مزید بہتر بنایا جائیگا نیزخودکارنظام کو مزید آگے بڑھایا جائیگا۔ناصر جمیل نے بتایا کہ میٹرک اور انٹر کے امیدواروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر رواں سال سے امتحانی سنٹرز میں اضافہ کیا جارہا ہے اور سہولیات میں بھی مزیدبہتری لائی جائیگی جبکہ امتحانی عملے کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بورڈ قوائد کے مطابق تعلیمی ادارے بچوں کے تناسب سے سٹاف بھیجنے کے پابند ہونگے،جس کے تحت امیدواروں کے داخلے کیساتھ سٹاف کی لسٹ بھی بھجوائی جائیگی،جہاں سیکروٹنی کے بعد امتحانی عملہ تعینات کیا جائیگا۔امیدواروں کورزلٹ کارڈ نہ ملنے کے بارے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ناصرجمیل نے بتایاکہ پوسٹ ڈیکلریشن آف دی رزلٹ پر ورکنگ کو مزید بہتر کرکے طلباطالبات کو وقت مقررہ پر رزلٹ کارڈدینے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، آئندہ بچوں اور انکے والدین کو بورڈ آفس کے چکر نہیں لگاناپڑیں گے بلکہ رزلٹ کارڈانکے گھروں کے ایڈریس پر ہی ارسال کردئیے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں کنٹرولر امتحانات نے بتایا کہ مارکنگ کے نظام میں مزید بہتری پیدا کرنے کیساتھ ساتھ اس میں شفافیت لانے کیلئے پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کی سطح پر پیپرز سیٹرز،ہیڈ ایگزامینرزاور کوآرڈینیٹرز کیلئے باقاعدہ ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں بورڈ کی طرف سے مارکنگ سکیم بھی متعارف کروائی گئی ہے

مزید : صفحہ آخر