میکسیکو کے صدر کا دورہ امریکہ منسوخ کرنے کا اعلان

میکسیکو کے صدر کا دورہ امریکہ منسوخ کرنے کا اعلان

واشنگٹن )مانیٹرنگ ڈیسک)میکسیو کے صدر نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے مجوزہ ملاقات منسوخ کر دی ہے، جس کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی دیوار کے معاملے پر دوریاں بڑھنے کا خدشہ ہے۔صدر انریک پینا نائٹا نے اِس بات کا اعلان اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا۔ اْنھوں نے کہا ہے کہ وہ منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شرکت نہیں کریں گے۔اس سے قبل، جمعرات کو صدر ٹرمپ نے مشورہ دیا تھا کہ اگر پینا نائٹو سرحدی دیوار پر خرچ ہونے والی رقم کی ادائیگی کرنے سے انکار جاری رکھتے ہیں، تو بہتر ہوگا کہ وہ اپنا دورہ منسوخ کردیں۔دیوار کی تعمیر کے معاملے پر ٹرمپ کا میکسیکو کے ساتھ کافی عرصے سے اختلاف جاری ہے۔جون 2016ء میں اْنھوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران پہلی بار اعلان کیا تھا کہ وہ یہ دیوار تعمیر کریں گے، جس کے لیے میکسیکو کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ اس پر آنے اخراجات کی ادائیگی کرے۔ٹرمپ اور پینا نائٹو کی اگست میں میکسیکو میں ملاقات ہوچکی ہے، جس میں تارکینِ وطن، سرحدی دیوار اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی تھی۔ تاہم، بعد میں، پینا نائٹو نے ٹوئٹر پر تحریر کیا تھا کہ گفتگو میں اْنھوں نے ہی یہ معاملہ اٹھایا اور ٹرمپ کو بتا دیا ہے کہ میکسیکو ادائیگی نہیں کرے گا۔اْسی ماہ کے اواخر میں، پینا نائٹو کی مقبولیت 23 فی صد سے کم ہو کر 12 فی صد تک پہنچ گئی تھی، جو میکسیکو کے کسی صدر کے لیے نچلی ترین سطح ہے۔ ادھر ٹرمپ کی مقبولیت اندازاً 45 فی صد ہے، جو کسی نئے امریکی صدر کی کم ترین سطح بتائی جاتی ہے۔

مزید : صفحہ اول