نوازشریف کو خطاب سے روکنے کی خبر بے بنیاد ہے:عالمی اقتصادی فوم

نوازشریف کو خطاب سے روکنے کی خبر بے بنیاد ہے:عالمی اقتصادی فوم

ڈیووس/اسلام آباد(اے این این ‘ آئی این پی) عالمی اقتصادی فورم نے ڈیلی ٹائمز کی بے بنیاد خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ڈیلی ٹائمز کو خط لکھ دیا‘ خبر میں لکھا گیا تھا کہ نواز شریف کو ڈیووس میں خطاب سے روکا گیا‘ اخبار نے قرار دیا تھا کہ بدعنوانی تحقیقات کے باعث وزیراعظم کو خطاب سے روکا گیا۔ عالمی اقتصادی فورم نے ڈیلی ٹائمز کو خط میں لکھا کہ انہیں وزیراعظم نواز شریف کے اجلاس میں شرکت پر خوشی ہوئی۔

عالمی اقتصادی فورم نے اپنے حالیہ سالانہ اجلاس میں کرپشن کی بنیاد پروزیر اعظم نوازشریف کو تقریر کی اجازت نہ ملنے سے متعلق میڈیارپورٹ یکسر مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ ڈیووس کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان کی شرکت ایک اعزاز کی بات تھی ۔عالمی اقتصادی فورم کے میڈیاآپریشنزاینڈایونٹس کے سربراہ یان زوف نے پاکستان کے ایک انگریزی روزنامے کی وزیر اعظم نوازشریف کو تقریر کی اجازت نہ ملنے سے متعلق خبرپرادار ے کولکھے گئے خط میں واضح کہاکہ ڈیووس کانفرنس میں وزیراعظم نوازشریف کی شرکت نہ صرف فورم کے لئے ایک اعزاز کی بات تھی بلکہ وزیراعظم کو شرکت کی دعوت اور اس کے ایجنڈے کی تیاری میں وزیراعظم کے عملے کی مشاورت بھی شامل تھی۔ خط میں کہا گیا کہ دنیا میں چھٹا بڑا ملک پاکستان اہم عالمی کھلاڑی ہے اور عالمی اقتصادی فورم پبلک پرائیویٹ تعاون کے ذریعے شروع ہونے والے منصوبوں میں اسے شامل کرنا چاہتا ہے فورم کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے اس دورے میں اہم کاروباری اور سیاسی شخصیات اور رہنماؤں سے متعدد ملاقاتیں بھی شیڈول کے مطابق تھیں ۔عالمی اقتصادی فورم نے وزیراعظم کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ فورم کا ایجنڈا وزیراعظم آفس کی مشاورت سے تیار کیا گیا۔ ایجنڈا اہداف اور ترجیحات کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا۔ ایجنڈے میں وزیراعظم کی اہم رہنماؤں‘ کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں شامل تھیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دنیا کے اہم ممالک میں شامل ہے فورم سرکاری اور نجی تعاون کے ذریعے پاکستان کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔ توقع ہے کہ ڈیلی ٹائمز اپنے مضمون میں ان تاثرات کو بیان کرے گا

مزید : کراچی صفحہ اول