عمران خان عدالت میں بھی بار بار موقف تبدیل کر رہے ہیں : فتح ہماری ہو گی : مسلم لیگ (ن)

عمران خان عدالت میں بھی بار بار موقف تبدیل کر رہے ہیں : فتح ہماری ہو گی : مسلم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اور خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان عدالت میں بھی اپنا موقف بار بار تبدیل کررہے ہیں مگر ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہیں اور فتح ہماری ہو گی ، عمران خان گزشتہ تین سال سے ملک میں ہیجان کی کیفیت پیدا کررہے ہیں ، ذاتی مفادات کیلئے پانامہ کیس کو بھی سیاسی بنا دیا گیا ہے،یہ لوگ سنجیدہ ہوتے تو کوئی اچھے وکیل کرلیتے ،خیبرپختونخوا میں اے پی ایس سانحہ ہوا ،جیل ٹوٹی ، خیبر بینک سکینڈل سامنے آیا مگر ہم نے کسی سے استعفے نہیں مانگے،عمران خان کچھ تو شرم کریں۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان عدالت میں بھی یو ٹرن لے رہے ہیں اور بار بار اپنا موقف تبدیل کرتے پھر رہے ہیں ، اس ساری عدالتی کارروائی میں وزیراعظم نوازشریف کہیں نظر نہیں آئے ، مسلم لیگ (ن) کا موقف ایک ہی ہے اور یہی ہمارا فائنل موقف ہے اور فتح بھی ہمارے موقف کی ہی ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کتنے جمہوری ہیں یہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں ، عمران خان اکتوبر1999ء میں ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے غیر قانونی و غیر آئینی اقدام میں ڈکٹیٹرشپ کے ساتھ کھڑے تھے اور وہ خوش تھے کہ شاید انہیں وزیراعظم بنا دیا جائے مگر وہ اس میں ناکام ہوئے اس کے بعد عمران خان 2014ء میں دھرنے دینے آگئے اور امپائر کی انگلی کا انتظار کرتے رہے کیونکہ وہ امپائر پر یقین رکھتے تھے اور وہ امپائر کے ذریعے اقتدار میں آنا چاہتے تھے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا اور آخرت کا امپائر صرف اللہ تعالیٰ ہے جبکہ انگلی اٹھانے والے امپائر پر عمران خان کا ایمان ہے ہمارا نہیں ، انہوں نے کہاکہ آپ لوگ مخدوم جاوید ہاشمی کی باتوں سے بھی اندازہ لگتا سکتے ہیں کہ عمران خان کا جمہہوریت پر کتنا ایمان ہے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کسی بھی سیاسی لیڈر نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش نہیں کیا مگر نوازشریف نے خود اور اپنے خاندان کو احتساب کے لئے پیش کیا بلکہ خاندان کی تین نسلوں کو احتساب کیلئے پیش کردیا جو کہ اب دنیا میں نہیں رہے ، نوازشریف کا جمہوریت پر ایمان ہے اور ہم عدالت میں ہر سوال کا جواب دے رہے ہیں مگر عمران خان سے حساب مانگا جائے تو وہ اپنی پچھلی ایک نسل کا بھی حساب نہیں دے سکیں گے ۔انہوں نے عمران خان سے سوال کیا کہ وہ سات بلین ڈالر زکواۃ کا پیسہ کہاں گیا ؟ عمران خان نے اپنے ماں کے نام پر ہسپتال بنایا اور لوگوں سے زکواۃ لے کر سارا پیسہ جوئے پر پر لگایا اور پراپرٹی خریدی ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) ملکی ترقی کیلئے کام کررہی ہے اور حال ہی میں ملتان میں میٹروبس اور پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا ہے ، ہمارا ہر قدم ملکی ترقی کیلئے اٹھ رہا ہے اور نئی سمت میں اٹھ رہا ہے مگر عمران خان اپنے ذاتی مفاد کے لئے پاگل ہو گئے ہیں اور وہ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے مخالفین کی بے چینی اور بے قراری سمجھ آتی ہے ، یہ لوگ ہماری کارکردگی کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ان کو خوف ہے کہ ان کی سیاست ختم ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خیبرپختونخواہ پر توجہ دینی چاہیے وہاں اصلاحات کرنی چاہیے نہ کہ پانامہ کیس کی سماعت کے دوران روز عدالتوں کے چکر لگانے چاہیں ،انہوں نے کہاکہ پانامہ کیس خالصتاً سیاسی مقدمہ بن گیا ہے اور اس کیس کی آڑ میں سیاست چمکائی جارہی ہے کیونکہ اگر یہ لوگ سنجیدہ ہوتے تو اچھے اور بہترین وکیل کرتے اور عدالتوں میں ثبوت پیش کرتے۔یہ لوگ کیس میں سنجیدہ نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پہلے بھی دھر نے دیئے اور ترقی کی راہ میں روڑے اٹکائے اور اب سیاست کرکے عدالتوں کا وقت ضائع کررہے ہیں کیونکہ عمران خان کا اصل ٹارگٹ ملک میں ہیجان کی کیفیت پیدا کرنا ہے جو وہ گزشتہ تین سال سے پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، خان صاحب نے سی پیک میں رخنہ ڈ الا تو اس سے نوازشریف یا مسلم لیگ (ن) کا نقصان نہیں ہوا بلکہ ملک و قوم کا نقصان ہوا ، خان صاحب انتشار نہ پھیلاتے اور ملک کی ترقی کیلئے ہمارا ساتھ دیتے تو ملک اور آگے بڑھ جاتا ۔
مسلم لیگ(ن)