دیوار کے اخراجات کبھی نہیں اٹھائیں گے ٗ میکسیکو کا دو ٹوک جواب

دیوار کے اخراجات کبھی نہیں اٹھائیں گے ٗ میکسیکو کا دو ٹوک جواب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


میکسیکو سٹی ( اے این این ) میکسیکو کے صدر انریق پینا نیٹو نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ میکسیکو ڈونلڈ ٹرمپ کی دیوار کے اخراجات کبھی نہیں اٹھائے گا ٗ امریکہ کی جانب سے رکاوٹ کھڑی کرنے کا اقدام قابل مذمت ہے ٗمیکسیکو دیواریں کھڑی کرنے میں یقین نہیں رکھتا ۔میکسیکو کے صدر نے قوم سے خطاب میں کہا کہ میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ میکسیکو کسی بھی دیوار کی تعمیر کے لیے رقم نہیں دے گا۔ یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہم شمالی امریکہ میں تعاون کے نئے قوانین، تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی، امیگریشن کی بات کر رہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ بطور صدر میں میکسیکو اور میکسیکنز کے حقوق کے دفاع کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ واشنگٹن میں میکسیکو کے حکام کی حتمی رپورٹ اور چیمبر آف کامرس، گورنرز وغیرہ کے مشورے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حکم نامے میں امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کے سو فیصد اخراجات بھی میکسیکو سے لیے جائیں گے۔صدر ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے علاوہ ایک ان امریکی شہروں کی فنڈنگ روکنے کے احکامات پر دستخط کیے ہیں جو غیر قانونی تارکین وطن کے گڑھ ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں ان کا ایک اہم انتخابی نعرہ میکسیکو کی سرحد پر 2000 میل طویل دیوار تعمیر کرنا تھا۔ٹرمپ نے سرحدی دیوار کی تعمیر کے حکم نامے پر دستخط ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے میں منعقد ایک تقریب میں کیے۔ٹرمپ نے اس موقع پر کہا ہے کہ امریکہ کی جنوبی سرحد پر'بحران' ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ کوئی ملک سرحدوں کے بنا 'ملک' نہیں ہوتا اور آج سے آغاز کرتے ہوئے امریکہ اپنی سرحدوں کا کنٹرول واپس حاصل کر رہا ہے۔صدر ٹرمپ نے اے بی سی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ میکسیکو خرچ کی گئی سو فیصد رقم ادا کرے گا۔انھوں نے کہا ہے کہ' ہم اس کے بارے میں شروع سے بات کر رہے تھے۔ میکسیکو دیوار کے لیے رقم دے گا جس کا گذشتہ تخمینہ 8 ارب ڈالر ہے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ'ہم اس سلسلے میں جلد بات چیت شروع کریں گے اور خرچ کی گئی رقم کی ادائیگی ایک بندوبست کے تحت ہو گی، میں صرف آپ کو بتایا رہا ہو کہ اس کی ادائیگی ہو گی اور یہ ایک بندوبست کے تحت ہو گی تاہم یہ ایک پیچیدہ بندوبست ہو گا اور یہ میکسیکو کے لیے بھی اچھا ہو گا۔