ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ،پیمرا کی عامر لیاقت پر پابندی عائد

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ،پیمرا کی عامر لیاقت پر پابندی عائد

اسلام آباد(اے این این) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی پر عامر لیاقت حسین اور ان کے پروگرام پر پابندی عائد کردی۔پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں بول نیوز پر نشر ہونے والے عامر لیاقت حسین کے پروگرام ایسے نہیں چلے گا پر فوری پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔عامر لیاقت حسین اور ان کے پروگرام پر یہ پابندی پیمرا(ترمیمی) ایکٹ 2007 کی دفعہ 27 کے تحت عائد کی گئی ہے۔پیمرا کے مطابق اگر نیوز چینل اس فیصلے کا اطلاق نہیں کرتا تو چینل کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔پیمرا اعلامیے کے مطابق مذکورہ اقدام کئی ہفتوں کی مسلسل نگرانی کے بعد اٹھایا گیا ہے، اس عرصہ میں عامر لیاقت نے پیمرا الیکٹرانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی کی۔بول نیوز کو جاری حکم نامہ کے مطابق عامر لیاقت بول نیوز کے کسی پروگرام(نئے یا نشرِ مکرر)میں بطور میزبان ،مہمان ، تبصرہ نگار، رپورٹر ، ایکٹر، اینکر پرسن، آڈیو یا وڈیو بیپر یا کسی بھی حیثیت میں شرکت نہیں کر سکیں گے نہ ہی انہیں اس چینل پر چلنے والی کسی اشتہاری مہم ، آڈیو یا وڈیو ریکارڈنگ کی اجازت ہوگی۔فیصلے میں مزید کہا گیا ہے اگر بول نیوز نے پیمرا کی ہدایات پر فوری عمل نہیں کیا اور اس پر عامر لیاقت یا اس کاپروگرام’’ ایسے نہیں چلے گا‘‘ نشر ہوا تو اس کی نشریات فوری طور پر معطل کر دی جائیں گی۔پریس ریلیز کے مطابق عامر لیاقت کو کسی بھی دوسرے ٹی وی چینل پر نفرت انگیز مواد کا پرچار کرنے یا کسی شخص کو کافر ،غدار ،توہین رسالت یا توہین مذہب کا مرتکب قرار دینے کی اجازت نہیں کیونکہ پاکستانی آئین اور قانون کے مطابق اس طرح کے حساس معاملات پر فیصلے کا اختیار صرف پارلیمنٹ یااعلی عدلیہ کے پاس ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول