وزیر بلدیات کی بونیر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت

وزیر بلدیات کی بونیر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی عنایت ا ﷲ نے ضلع بونیر کے بلدیہ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ بونیر میں اجراء کی گئی ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کریں اور ان کیلئے ضروری فنڈ ز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں سے اہلیان بونیر بروقت مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر برائے مذہبی امور حاجی حبیب الرحمٰن کے دفتر میں محکمہ بلدیات کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر مذہبی امور نے اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر کو بونیر میں واٹر سپلائی سکیم، بونیر ڈیولپمنٹ پیکج اور سڑکوں کی بحالی کے متعدد منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور مطالبہ کیا کہ 2013-14سے التواء کی شکار سکیموں پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے اور ان کی تکمیل کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سینئر وزیر نے وزیر اوقاف کو یقین دلایا کہ ضلع بونیر میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز بہت جلد ریلیز کر دیے جائیں گے اور ان پر برق رفتاری کے ساتھ کام کا آغاز کر دیا جائیگا۔ اجلاس میں سینئر پلاننگ افسر محکمہ بلدیات و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے صوبہ بھر کے تمام تحصیل ناظمین اور تحصیل میونسپل آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ تحصیلوں میں ڈمپنگ گراؤنڈ بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیں اور ان کے فوری قیام کو یقینی بنائیں۔وہ جمعرات کے روز صفائی کے حوالے سے پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ اور چیف ایگزیکٹو واٹر اینڈ سنیٹیشن سروسز پروگرام سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔صوبائی سینئر وزیر نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کو اچھے طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے ڈمپنگ گراؤنڈز کاہونا ضروری ہے اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013کے مطابق ان کا قیام ضروری ہے۔انہوں نے ٹی ایم ایز اور ڈبلیو ایس ایس پیز کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں صفائی اور ستھرائی کو یقینی بنائیں اور اس ضمن میں ٹی ایم ایز میں مختص فنڈز کو بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ صفائی کی حالت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور صفائی نہ کرانے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔