بارشوں سے ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے،ملیحہ جمال

بارشوں سے ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے،ملیحہ جمال

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)اسسٹنٹ کمشنر سٹی راولپنڈی ملیحہ جمال نے کہاہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے ہیں لہذا ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنی انسدا د ڈینگی مہم کو نتیجہ خیز بنائیں اور کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر ی بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول میں یقینی بنائیں کہ کہیں پانی نہیں کھڑا اور اگر کسی جگہ پانی زیادہ عرصہ کیلئے موجود ہو تو اس کو فوری طو ر بہادیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کا ماحول نہ بن سکے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے میونسپل کارپوریش راولپنڈی میں انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے حکام بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی راولپنڈی ملیحہ جمال نے کہا کہ سکولوں، ہوٹلوں ، کباڑخانوں اور غیر آباد اور زیر تعمیر عمارتوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور اگر کہیں بارش کا پانی اکٹھاہو تو اسے فوری طور پر بہا دیں۔ انہوں نے کہاکہ انسداد ڈینگی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی مہم کو آف سیزن میں زیادہ محنت او ر توجہ سے کا م کیا جائے تاکہ ڈینگی سیز ن میں آسانی ہو۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر