دشمن یاد رکھے ‘پاکستان قیامت تک شاد وآباد رہے گا: گو رنر پنجاب
لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن اس حقیقت کوذہن نشین کر لیں کہ پاکستان اللہ تعالی کی مدد سے قیامت تک شادوآباد رہے گااور اس کے بیس کروڑ عوام اس کی عزت اور حرمت کے لیے ایک سوچ، فکر و جذبہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوری ،سیاسی اورمعاشی اعتبار سے دن بدن مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا آرٹ کونسل میں منعقدہ انٹرنیشنل کسٹم ڈے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سی پیک منصوبہ جس نے پاکستان کے دشمنوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں یہ عظیم تر منصوبہ جنوبی ایشیا میں معاشی انقلاب برپا کرے گااور خطے کو مضبوط اور مستحکم معیشت کی بنیاد بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہو چکا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی و بقاء کے لیے اس کے بیس کروڑ عوام بشمول آرمی سکول پشاور کے معصوم بچوں، چار سدہ یونیورسٹی کے طالب علموں،پاک فوج کے جوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم آج جن بڑے بڑے عہدوں اور منصبوں پر فائز ہیں ان کا بنیادی مقصد اور فرض عام آدمی کی شنوائی اور احساس محرومی کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب تک پسے ہوئے طبقے کے مسائل کو حل نہیں کریں گے میں سمجھتا ہوں کہ ہم اپنے عہدوں سے انصاف کرتے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے اوورسیز پاکستانی کمیشن بھی تشکیل پا چکا ہے جو ان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا ادراک ہے اور اس کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ اب لوگوں کی اپنے کام سے کمٹمنٹ کی وجہ سے ڈیپارٹمنٹ کا امیج مزید بہتر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب کوئی ملک انٹرنیشنل کمیونٹی سے علیحدہ نہیں رہ سکتا ہمیں دنیا کے ساتھ چلنا ہے۔