غیر قانونی ورکشاپ سے ٹریفک جام کی خبریں بے بنیاد ہیں ،ڈی ایچ اے

غیر قانونی ورکشاپ سے ٹریفک جام کی خبریں بے بنیاد ہیں ،ڈی ایچ اے

کراچی (پ ر)بعض جرائدمیں گذشتہ کئی دنوں سے "ڈیفنس فیزIIمیں غیر قانونی ورکشاپ سے بدترین ٹریفک جام"کے عنوان سے چھپنے والی خبریں صحیح تناظر اور سیاق و سباق سے شائع نہیں ہوئی ہے اور قارئین کو ڈی ایچ اے جیسے فعال ادارے کے بارے میں غلط تاثر دینے اور بد گمان کرنے کے مترادف ہے۔ ڈی ایچ اے ویجیلنس اپنی قانونی حدود میں رہ کر انتہائی ایمانداری، جانفشانی اور لگن کے ساتھ ڈی ایچ اے کے بائی لاز کے شفاف انداز میں نفاذ کو یقینی بنارہی ہے جبکہ ٹریفک کنٹرول اور غیرقانونی اقدامات کی روک تھام پولیس اور دیگر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمرے میں آتا ہے۔ ڈی ایچ اے ویجیلنس اپنے اختیارات اور حدود میں رہ کر رہائشیوں کو تحفظ اور پُر امن ماحول زندگی کی فراہمی کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ اُمید ہے اخبارات اپنی صحافتی ذمہ داریوں اور اُصولوں کی پاسبانی کاخیال کرتے ہوئے بے بنیاد اور حقائق کے برخلاف خبروں کو شائع کرنے سے گریز کریں گے۔ ہر خبر کے بارے میں مکمل معلومات اور اسکے عوامر کے ایماندارانہ تجزیہ قارئین کو صحیح اور معتبر خبریں پہنچانے کا ذریعہ بنتا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر