ڈاکٹروں کو ہراساں کیے جانے کے واقعات عام ہیں،شوکت ملک

ڈاکٹروں کو ہراساں کیے جانے کے واقعات عام ہیں،شوکت ملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر پی ایم اے کراچی ڈاکٹر شوکت ملک نے کہا کہ آج کل ڈاکٹروں کو بلیک میل اور ہراساں کیے جانے کے واقعات عام ہیں۔ ہر دوسرے دن آپ مریضوں کے لواحقین کی جانب سے ڈاکٹروں اور ہسپتالوں پر حملے کی خبریں سنتے ہیں ۔گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کینسر سے متاثرہ ایک مریض کے آپریشن کے بعد پانچ سینئر ڈاکٹروں کے خلاف FIR درج کردی گئیں ۔حققیت یہ ہے کہ قانونی طور پرڈاکٹر کے خلاف F.I.R درج نہیں ہوسکتی ۔ 2014 ء میں سندھ اسمبلی سے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن بل پاس ہونے کے بعد اس طرح کی شکایت کو سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے حوالے کرنا چاہیے ۔ سندھ ہیلتھ کمیشن 09 کمشنرز پر مشتمل اورڈاکٹر ایس ٹیپو سلطان کی چیئرمین شپ میں قائم ہوچکا ہے ۔ڈاکٹروں کی غفلت اور بداعمالی کی شکایت سے نمٹنے کے لئے کمیشن نے ایک کمیٹی بنا ررکھی ہے ۔لہذا اس طرح کی شکایات سننے کے لئے کمیشن کے علاوہ کوئی دوسرا مجاز نہیں ۔ ڈاکٹروں کو بلیک میل اور ہراساں کرنے کے لئے ایسے واقعات کا نتیجہ اس سے سوا کچھ نہیں ہوگا کہ ڈاکٹر اس طرح کے سیریس کیس لینا بند کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی یاد رکھیں کہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی کینسر سے متعلق سرجری کے نتائج بہت کامیاب نہیں ہوتے۔ کامیابی کی شرح صرف 50 فیصد تک ہے اور اس کے نتیجے میں مریض زیادہ سے زیادہ 05 سال تک زندہ رہ سکتا ہے۔ باقی ماندہ 50 فیصد مریض سرجری کے نتیجے میں بہتر نہیں ہوپاتے اور دوبارہ سے کینسر کی پیچیدگیوں کا شکار ہوجاتے ہیں ۔یہ صورتحال مریض اور اس کے لواحقین کے لئے قابل قبول نہیں ہوتی ۔اب بھی وہ وقت ہے ہمیں پان ٗ چھالیہ ٗ گٹکا ٗ تمباکو نوشی اور نسوار کے استعمال کی بدولت تیزی سے پھیلتے ہوئے کینسر کے خاتمے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے ۔ہم پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی موثر کارکردگی کے لئے کمیشن کے لئے مناسب دفتر اور اسٹاف فراہم کیا جائے ٗ سینئر ڈاکٹروں کے خلاف F.I.R فوری طور پر واپس لی جائیں اور شکایت کنندگان بذریعہ ہیلتھ سیکریٹری ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجوع کریں ٗ کینسر کا سبب بننے والی اشیاء جن میں پان ٗ گٹکا ٗ چھالیہ وغیرہ کی تیاری اوردرآمد پر فوری طور پر پابندی عائد کی جائے۔