ڈیرہ میں سرکاری اراضی قابضین سے واگزار
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ضلعی انتظامیہ ڈیرہ نے پولیس کے ہمراہ ضلع بھکر میں خیبر پختونخواہ حکومت کی ملکیتی پانچ سو کنال اراضی قابضین سے واگزار کرالی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بھکر کے موضع پہوڑ میں عرصہ تیس سال سے خیبر پختونخواہ حکومت کی ملکیتی سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین نے قبضہ کر رکھا تھا جن کیخلاف ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان معتصم باللہ شاہ کی قیادت میں آپریشن کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر زاہد پرویز وڑائچ سمیت محکمہ مال کے ذمہ داران اور ضلعی و ایلیٹ پولیس فورس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔غیر قانوی قابضین سے واگزار کرائی جانی والی پانچ سو کنال اراضی پر کاشت غیر قانونی فصل کو تلف کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے آپریشن بخیریت مکمل ہونے پر سیکرٹری انوائرمنٹ و جنگلات کے پی کے سید نذر حسین شاہ اور کمشنر ڈیرہ ڈاکٹر اختر نذیر وڑائچ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ضلع انتظامیہ ڈیرہ اور بھکر بھی موجود رہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کے مطابق ضلع بھکر کی حدود میں خیبر پختونخواہ حکومت کی ملکیتی تقریبا45"ہزار کنال اراضی غیر قانونی قابضین کے قبضے میں ہیں جس کو واگزار کرانے کیلئے وقتا فوقتا کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ مذکورہ اراضی صوبائی حکومت کے بلین ٹری انفارسٹیشن پراجیکٹ کیلئے واگزار کرائی جارہی ہے۔