گزشتہ روز کے واقعے سے ایوان کا تقدس مجرو ح ہوا، حکومتی ارکان اور حزب اختلاف نے غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے:ایاز صادق
اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ گذ شتہ روزکا واقعہ بہت افسوس ناک تھا، حکومتی ارکان اور حزب اختلاف نے غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے۔جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں رولنگ کے دوران اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایوان میں گزشتہ روزکا واقعہ بہت افسوس ناک تھا، جس کی ذمے داری دونوں طریفین پرعائد ہوتی ہے، حکومتی ارکان اور حزب اختلاف نے غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے۔اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ گذ شتہ روز کے واقعے سے ایوان کا تقدس مجروح ہوا ہے، ہم سب پر پارلیمنٹ کا احترام واجب ہے، امید کرتا ہوں اس قسم کے واقعات مستقبل میں پیش نہ آئیں۔انہوں کہا کہ گذشتہ واقعہ کے تناظرمیں اب ضرورت اس امرکی ہے کہ پارلیمانی اراکین کے ساتھ مشاورت کے ذریعے ضابطہ اخلاق وضع کیا جائے،تاکہ آئند ہ اس قسم کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس کے بعد قومی اسمبلی کی کاروائی پارلیمانی لیڈرز سے اجلاس کے لئے گھنٹے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔