سعودی عرب پاکستا ن میں 14 ارب کی سرمایہ کاری کرے گا،شاہ محمود

سعودی عرب پاکستا ن میں 14 ارب کی سرمایہ کاری کرے گا،شاہ محمود

ملتان(این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا وفد اگلے ماہ پاکستان آرہا ہے،سعودی حکمران دورے پاکستا ن کے دوران 14 ارب کی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے، جبکہ سعودیہ 3ارب ڈالر کا تیل ادھار دینے پر آمادہ ہوگیا ہے، وزیراعظم پاکستان کا قطر کا دورہ کامیاب رہا ہے قطر آئندہ ہندوستان کی بجائے پاکستان سے اجناس خریدے گا۔امیر قطر نے ہاؤسنگ ، زراعت ، سیاحت سمیت کئی شعبوں میں معاہدوں اور سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات سے 3ارب ڈالر لینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت دوست ممالک نے ہمیں امداد اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور مختلف منصوبے شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے جس سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہاتحریک انصاف کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔ پاکستان کا مفاد اور خطے میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ ملکی خارجہ پالیسی میں جدت لا رہے ہیں۔ قبل ازیں ہمارے سفارت کار ایک مخصوص دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرتے تھے لیکن اب سفارت کاروں کوخارجی سفارت کاری کے ساتھ معاشی سفارت کاری اور سائنسی سفارت کاری کی نئی جہتوں پر بھی بھرپور توجہ دینا ہوگی۔ معاشی سفارت کاری کی بدولت پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت اوپر جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156کی مختلف یونین کونسلوں میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقاریب ، وفود سے ملاقات اور مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

مزید : صفحہ اول