زرداری کو اللہ کے سوا کوئی نہیں بچا سکتا ،شیخ رشید ،کٹھ پتلیوں کے آگے نہیں جھکیں گے ،چانڈیو

زرداری کو اللہ کے سوا کوئی نہیں بچا سکتا ،شیخ رشید ،کٹھ پتلیوں کے آگے نہیں ...

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرریلوے شیخ رشید نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے متعلق دعویٰ کیاہے کہ زرداری کا کیس نواز اور شہباز سے ایک لاکھ گنا زیادہ خطرناک ہے اور زرداری کو اگر اللہ نہ بچائے تو کوئی مخلوق نہیں بچاسکتی۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کر رہے ہیں، کراچی سرکلر ریلوے اب نہیں بنی تو قیامت تک نہیں بنے گی، وی آئی پی ٹرین میں مسافروں کو بھرپور سہولت دی جائے گی۔معاشی حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے جارہا تھا، عمران خان نے دوست ممالک کے تعاون سے ملک کی معیشت بچائی، اب پاکستان میں ایسی سرمایہ کاری ہوگی کہ لوگ حیران رہ جائینگے، آئی ایم ایف کی شرائط کم کرنے میں عمران خان نے کردار ادا کیا۔وزیرریلوے نے ایک بار پھر شہبازشریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر نہ صرف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا بلکہ اسے حکومتی غلطی بھی قرار دیا۔شیخ رشید نے کہا کہ چور مچائے شور کی فلم لگی ہوئی ہے اور دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھایا گیا ہے، یہ شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر ساری عمر پچھتائیں گے، شہباز کو کرپشن کے کیسز میں نوازشریف سے زیادہ ملوث دیکھتا ہوں، شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا اخلاقی جواز نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس این آر او کی کوئی گنجائش نہیں، جب کسی کے پیر میں موچ اور پٹھا چڑھ جائے تو سمجھ جائیں اس شخص کی اب کیا خواہش ہے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب سے درخواست ہے وائٹ کالر کرائم کے خلاف کام تیز کریں اور مقدمات تیزی سے نمٹائے جائیں، جس پر کرپشن کے 8،8 کیسز ہیں وہ پارلیمنٹ میں پالیسی بیان دیتے ہیں، منسٹر کالونی میں جہاں وزیر رہتا ہے وہاں ساتھ میں چور بھی رہتے ہیں۔وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ مجرموں کو کبھی نہیں چھوڑے گا، ان لوگوں کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا زیادتی ہے، عام آدمی جیل میں ہو تو پروڈکشن آرڈر نہیں ملتا، چوروں کے آئی جی کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوجاتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان مولابخش چانڈیو نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ آصف زرداری کسی آمر کے آگے نہیں جھکتے کیونکہ انہیں اللہ کا آسرا ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری آمروں اور کٹھ پتلیوں کے بنائے مقدمات سے سرخرو ہوچکے ہیں، وہ کسی اور مخلوق کی نہیں بلکہ اللہ اور عوام کی حمایت سے سرخرو ہوئے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ آج بھی آصف زرداری کے خلاف وہی باتیں کر رہے ہیں جو آمروں کے قدموں میں پڑے رہے، یہ وہی لوگ ہیں جو ضیا اور مشرف جیسے آمروں کے آگے جھکے رہے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ آ صف علی زرداری کو اللہ کا آسرا ہے اس لئے وہ کسی آمر اور کٹھ پتلی کے آگے نہیں جھکتے، پہلے بھی آصف علی زرداری جھوٹے مقدمات سے بری ہوئے اب بھی سرخرو ہوں گے۔

مولابخش چانڈیو

مزید : صفحہ آخر