لوڈشیڈنگ میں اضافہ پر تشویش ہے،ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

لوڈشیڈنگ میں اضافہ پر تشویش ہے،ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

فیصل آباد(بیور ورپورٹ) پا کستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر حکومت سے اپیل کی ہے کہ برآمدی صنعت کو بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سے مستقل بنیادوں پر مستثنیٰ قرار دینے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ملک کو معاشی و اقتصادی طورپر مضبوط بنانے میں مدد مل سکے ۔میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے کھرڑیانوالہ کے ویلیو ایڈیشن سٹی میں صرف صنعتی برآمدی ادارے قائم ہیں جہاں کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے حالانکہ اس سٹی کو قائم کرنے کا مقصد ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانا اور لوگوں کو بڑے پیمانے پر روزگار مہیا کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویلیو ایڈیشن سٹی کے قیام کے وقت یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی کہ یہاں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اور یہاں کے مخصوص صنعتی فیڈر سے بجلی کی 24 گھنٹے سپلائی مہیا کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے یہاں بعض اوقات 4سے 6 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ بھی کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے یہاں کی فیکٹریوں کی پیداوار 50 فیصدسے بھی کم ہو گئی ہے جبکہ مالکان کو مزدوروں کو تنخواہوں کی ادائیگی کی مد میں ماہانہ ڈیڑھ ملین کے اضافے کے علاوہ بلا مقصد نقصان بھی برداشت کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ملین کے براہ راست نقصان کے ساتھ ساتھ ریونیو میں بھی بالواسطہ طور پر 25 ملین کا نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اس معاملہ میں مداخلت کریں اور ملک بھر میں صنعتوں اور خاص طور پر برآمدی صنعتوں کو بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سے مستقل مستثنیٰ قرار دینے کا حکم جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ وقتی اور دکھاوے کے اقدامات کی بجائے خاص طور پر برآمدی صنعتوں کو مسلسل 24 گھنٹے بجلی اور گیس کی فراہمی کیلئے جامع پالیسی وضع کی جائے اور اس کی پارلیمنٹ سے بھی منظوری لی جائے تا کہ اس کو حکومتوں یا وزارتوں کی تبدیلی نہ کی جاسکے۔

مزید : کامرس