چودھری نثار کا انتخاب کالعدم قرار دینے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

چودھری نثار کا انتخاب کالعدم قرار دینے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور(نامہ نگارخصوصی)پنجاب اسمبلی کے رکن کے طور پر حلف نہ اٹھانے پرچودھری نثار کے انتخاب کوکالعدم قرار دینے کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ،درخواست میں وفاقی حکومت ،صوبائی حکومت، چوہدری نثار اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے ، درخواست گزار ندیم سرور ایڈووکیٹ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاہے کہ چودھری نثار 25 جولائی کو حلقہ پی پی 10 راولپنڈی سے ایم پی اے منتخب ہوئے ، 153 دن گزر جانے کے باجود چودھری نثار نے حلف نہ اٹھا کر حلقے کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی ہے ، چودھری نثار کے حلقے کے عوام تاحال اسمبلی میں نمائندگی سے محروم ہیں،آئین اورعدالتی نظائر کے تحت کسی حلقہ کے لوگوں کو اسمبلی میں نمائندگی سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، حلقہ پی پی 10 کے ووٹرز اسمبلی میں اپنے مسائل اجاگر کرنے سے قاصر ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ چودھری نثار کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا جائے اور پی پی 10 میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں۔

مزید : علاقائی