صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے سینئر صحافی پرویز خاکی کی عیادت کی
پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے ممتاز اور سینئر صحافی پرویز خاکی سے ملاقات میں اس کی عیادت کی۔پرویز خاکی کو گزشتہ دنوں فالج کا اٹیک ہوا ہے جس سے وہ شدید علیل ہیں۔ صوبائی وزیر نے پرویز خاکی کی تیمارداری کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ اور صوبائی حکومت ان کے علاج معالجے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ شوکت یوسفزئی نے پرویز خاکی کے صحافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پرویز خاکی نے ہمیشہ حق وسچ اور صحافتی اصولوں کے مطابق صحافت کی ہے۔صوبائی وزیر نے پرویز خاکی کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے فلاح وبہبود اور صحت کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہیں جس سے صحافیوں کے علاج و معالجے میں درپیش تمام مسائل کافی حد تک حل ہو جائیں گے۔