برطانیہ، زیرعلاج پاکستانی کی موت سے قبل اہلخانہ سے ملاقات کی اپیل

برطانیہ، زیرعلاج پاکستانی کی موت سے قبل اہلخانہ سے ملاقات کی اپیل

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برمنگھم کے کوئن الزبتھ ہسپتال میں زیر علاج پاکستانی نصر اللہ خان نے وفات سے قبل اپنے اہلخانہ سے ملاقات کر نے کیلئے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر سے اپیل کردی۔نصر اللہ خان دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، ڈاکٹروں کے مطابق ان کے پاس زندگی کے کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں اور وہ اپنے آخری وقت میں اپنے اہلخانہ سے ملنا چاہتے ہیں۔نصر اللہ خان نے اپنی آخری خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر سے اپیل کی ہے ان کے پاس زندگی کے کچھ ہی دن رہ گئے ہیں، لہٰذا ان کی اہلیہ اور بچو ں کو ویزہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ آخری مرتبہ ان سے مل سکیں۔جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نصر اللہ خان نے بتایا انہوں نے برطا نو ی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے درخواست کی ہے کہ وہ جلد ان کے اہلخانہ سے ملاقات میں مدد کریں۔میرے پاس بچنے کی کوئی امید نہیں، لیکن آخری لمحات میں میری خواہش ہے میں آخری بار اپنے دونوں بیٹوں اور اہلیہ کو دیکھ لوں ۔میری اہلیہ کو ویزہ کی درخواست دیئے ہوئے دو ہفتے ہوگئے لیکن برطانوی ہائی کمیشن سے اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے، تھامس ڈریو میرے مسئلے پر نظر ثانی کریں اور میری فیملی کو ویزہ فراہم کریں۔میجر جنرل آصف غفور بھی میری مدد کرسکتے ہیں، اگر انہیں میرے بار ے میں پتہ چل سکے کیونکہ میں جانتا ہوں انہوں نے خلوصِ نیت کیساتھ متعدد ضرورت مند افراد کی مدد کی ہے۔ساتھ ہی نصر اللہ خان نے شکوہ کیاانہوں نے کئی دفعہ حکومت پاکستان اور پاکستان ہائی کمیشن برائے لندن سے اہل خانہ کے کیس کیلئے اپیل کی لیکن اب تک کسی نے کان نہیں دھرے۔

نصراللہ خان

مزید : پشاورصفحہ آخر