صوبئی وزیر صحت کے علاج میں غفلت پرتنے پر ایچ اڈی اور ایم ڈی عہدوں سے برطرفی کے احکامات
پبی ( نما ئندہ پاکستان)صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان کے احکامات پر محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے خیبرٹیچنگ ہسپتال میں ذیابیطیس کے مریض کو مبینہ طور پر غلط طریقے سے کینولہ لگانے اور اسکے نتیجے میں اس کا ہاتھ کاٹنے سے متعلق معاملے کی تحقیقات مکمل کرلی ،انکوائری رپورٹ میں ہسپتال سربراہان کوخراب مینجمنٹ اورمعیاری طبی سہولیات فراہم نہ کرنے پر ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ہسپتال ڈائریکٹراورمیڈیکل ڈائریکٹر کو اپنے عہدوں سے برطرف کردیا گیا ہے، وزیرصحت نے اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ نئے پاکستان میں ڈیوٹی سے غفلت اورلاپرواہی کسی طور برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ معیاری صحت سہولیات پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، محکمہ صحت اعلامیہ کیمطابق ہنگو کے احمد فراز خان ، جو شوگر کا مریض تھا، کو ہسپتال کے میڈیکل اے یونٹ میں داخل کیا گیا تھا جہاں لواحقین نے الزام لگایا کہ مریض کو کینولہ غلط طریقے سے لگانے سے انفیکشن پھیلا اوراسکا دائیں ہاتھ کاٹنا پڑا۔ جس پر وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے معاملے کی شفاف انکوائری کرانے کی ہدایت کی تاکہ واقعہ میں ملوث ذمہ داران کا تعین ہوسکے۔ اعلامیہ کیمطابق کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ متعلقہ مریض کوعلاج فراہمی میں اکیڈیمک اور پروفیشنل پروٹوکولز اور ایس او پیزکو مدنظر نہیں رکھا گیا ہے جبکہ رپورٹ میں ہسپتال میں غیرمعیاری ہیلتھ کیئر ،میڈیکل ونرسنگ سطح پر کم پیشہ وارانہ سکلز کے ساتھ ساتھ فیصلہ سازی میں تاخیر، خراب کلینکل اور انتظامی خامیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ واقعہ پیش آیا۔ انکوائری رپورٹ کیمطابق ہسپتال ڈائریکٹر اورمیڈیکل ڈائریکٹر کی حیثیت سے ڈاکٹر نیک داد خان اورڈاکٹر روح المقیم اپنی ڈیوٹی بہتر اور پیشہ وارانہ طور پر نبھانے میں ناکام رہے ہیں لہذاسیکرٹری صحت نے بحیثیت چیئرمین بی اوجی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نیک داد خان اورمیڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر روح المقم کواپنے عہدوں سے ہٹا دیا ہے جبکہ ایک دوسرے اعلامیہ کے مطابق آئی ایم یو کے ڈائریکٹر ڈاکٹرشہزاد فیصل کو خیبرٹیچنگ ہسپتال کا ہسپتال ڈائریکٹراورایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب کو میڈیکل ڈائریکٹر کا اضافی چارج سونپ دیاگیا ہے۔