صحافت اہم قومی ستون،درپیش مسائل حل کرینگے،علیم خان

صحافت اہم قومی ستون،درپیش مسائل حل کرینگے،علیم خان

لاہور (جنرل رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے صحافت حقیقی معنوں میں اہم قومی ستون ہے ،حکومت میڈیا انڈسٹری کو درپیش موجودہ بحران سے آگا ہ ہے ، بالخصوص اخباری صنعت کے مسائل حل کیے جائیں گے اور جلد صحافی برادری کے نمائندہ وفد کی اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈ ی سے ہونیوالی ملاقات میں کیا ،صدر سرمد علی کی قیادت میں ملاقات کرنیوالوں میں مجیب الرحمان شامی ، مہتاب خان ، خوشنودعلی خان ،جمیل اطہر ،نوید چوہدری اور ممتاز طاہر سمیت مختلف صوبوں سے30رکنی وفد شامل تھا۔ عبدالعلیم خان نے کہا اس میں کوئی شک نہیں عمران خان او ر تحریک انصاف کو یہ مقام دلانے میں پاکستان کے ذرائع ابلاغ نے اہم کردار ادا کیا ،آج بھی میڈیا کو مکمل حق ہے وہ خرابیوں کی نشاندہی کر ے ،حکومت بہتری لائے گی ،موجودہ پنجاب حکومت کو قرضوں اور کرپشن کے انبار ملے ،ملک میں نواز لیگ کی حکومت جعلی اعداد و شمار کیساتھ کام کر رہی تھی،صرف نگرا ن حکومت کے دور میں38ارب روپے کے چیک باؤنس ہوئے اور آج بھی پنجاب میں خسارے میں چلنے والے اکثر منصوبے سفید ہاتھی بن چکے ہیں ۔ مجبوراً پنجاب حکومت کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں67فیصدکمی کرنا پڑی اور اگر ہم کوئی ایک نیا منصوبہ بھی شروع نہ کریں تو جار ی منصوبوں کی تکمیل کیلئے 4سال کا عرصہ درکار ہوگا ،ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے درست سمت میں سفر کا آغاز کر دیا ،وزیر اعظم عمران خان اور اْن ٹیم نیک نیتی کیساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ بلدیات کے شعبے میں بڑی خرابیوں کو دور کیا جا رہا ہے اور دیگر 56کمپنیوں کی طرح لوکل گورنمنٹ کی کمپنیاں بھی کرپشن اور بد انتظامی کی داستانیں سنا رہی تھیں جن کا حل تلاش کر کے انہیں درست ٹریک پر ڈال رہے ہیں ۔ ملاقات میں اے پی این ایس کے صدر سرمد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاملک کی میڈیا انڈسٹری تاریخ کے سب سے بڑے بحران سے گزر رہی ہے ان حالات میں ڈالر کی قیمت میں اضافے نے رہی سہی کسر نکا ل دی ہے اور اب اگر حکومت نے تعاون نہ کیا تو کوئی صورت باقی نہیں بچے گی،اجلاس میں مجیب الرحمان شامی ، مہتاب خان ،خوشنود علی خان ، رحمت علی رازی اور دیگر سینئر صحافیوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر وزیر سے اپیل کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے موثر کردار ادا کریں اور میڈیا کو درپیش مسائل کے حل کی راہ نکالیں۔

علیم خان

مزید : پشاورصفحہ آخر /راولپنڈی صفحہ آخر